پارلیمانی جماعتوں کا کشمیر سے متعلق مشترکہ کوششوں پر اتفاق

Published on October 4, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 288)      No Comments

12
اسلام آباد(یو این پی) پاکستان کے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں شریک رہنماؤں نے مسئلہ کشمیر پر حکومت کا ساتھ دینے اور مشترکہ کوششیں کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ پیر کو اسلام آباد میں انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کی صورتحال اور لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے بارے میں منعقد ہونے والے اجلاس کے حوالے سے وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں نے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا ہے۔ نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی اہمیت کے معاملات خصوصاً کشمیر کے حوالے سے ہم سب اکھٹے ہیں۔ ان کا کہنا تھا انڈیا اپنی جارحیت سے کشمیر کی تحریک کو کچل نہیں سکتا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حالتِ زار کو عالمی اسطح پر اجاگر کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر انتھک کوششیں کی جائیں گی۔ وزیرِ اعظم نے سیاسی جماعتوں کے مشوروں ہر ہر ممکن عمل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ آج کے اجلاس سے پاکستان اور کشمیر کاز دونوں مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں گذشتہ تین ماہ سے جاری احتجاجی لہر کے دوران اب تک 90 سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ انڈیا کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور اوڑی حملے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے جیسی کوششیں کر رہا ہے۔ وزیرِاعظم سیکریٹیریٹ میں جاری اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، خورشید شاہ، مولانا فضل الرحمان، محمود خان اچکزئی، شاہ محمود قریشی، غلام احمد بلور، حاصل بزنجو اور فاروق ستار سمیت دیگر اہم سیاسی رہنما شریک ہوئے۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے اجلاس میں شامل سیاستی جماعتوں کے سربراہان کو کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر سکیورٹی کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت کے ساتھ متعدد معاملات پر اختلافات کے باوجود وہ مسئلہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے معاملے میں وزیراعظم کے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘ایک متحد پاکستان ہی بھارتی جارحیت کا مقابلہ کر سکتا ہے۔’ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘کشمیر کے تنازعے کا کوئی عسکری حل نہیں ہے‘۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ‘ہم دکھانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم مسئلہ کشمیر پر یکجان ہے’۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا کہ ‘اقوام متحدہ میں وزیراعظم کا خطاب پاکستانی قوم کے جذبات نمائندگی کرتا ہے’۔ عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما غلام احمد بلور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذ پر نئی زندگی ملی ہے’۔ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس بلا کر بروقت فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے سیاسی اور سفارتی کوششوں کو تیز کرنا ہوگا۔ خیال رہے کہ یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں بلایا گیا ہے جب لائن آف کنٹرول پر پاکستان کے زیرِ انتظام علاقے میں انڈیا کی جانب سے ‘سرجیکل سٹرائیکس’ کا دعویٰ کیا گیا ہے جسے پاکستان نے مسترد کیا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ یہ سرحد پار فائرنگ کا ایک واقعہ تھا جس میں اس کے دو فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے کے بعد سے دونوں ممالک کے پہلے سے کشیدہ تعلقات مزید تلخ ہو گئے ہیں۔ ادھر پاکستانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر فائرنگ کا تازہ ترین واقعہ پیر کی صبح ضلع حویلی کے نیزہ پیر سیکٹر میں پیش آیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مقامی وقت کے مطابق ساڑھے گیارہ بجے انڈیا کی جانب سے ایک بار پھر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور آخری اطلاعات آنے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ اس سے قبل پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے لائن آف کنٹرول پر انڈیا کی جانب سے اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی بلااشتعال فائرنگ کیے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ لائن آف کنٹرول کے افتخار آباد سیکٹر میں فائرنگ کا سلسلہ اتوار کی شب رات 12 بجے سے پیر کی صبح چار بجے تک جاری رہا۔ ترجمان کے مطابق یہ گذشتہ تین دنوں میں انڈیا کی جانب سے فائربندی کے معاہدے کی تیسری خلاف ورزی ہے۔ انڈیا کی جانب سے اس بارے میں تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ کشیدہ حالات کی وجہ سے ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب سرحد کے قریب واقع آبادیوں سے لوگوں کے انخلا کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Blog