اسلام آباد(یو این پی) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ جس دن میاں نواز شریف عدالت میں پیش ہوں گے اس دن اصل معاملہ شروع ہوگا، پی ٹی آئی کا کیس لڑنے کے حوالے سے میری پارٹی فیصلہ کرے گی۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ ابھی تو پاناما کا معاملہ شروع ہی نہیں ہوا کیونکہ اصل معاملہ اس دن شروع ہوگا جس دن میاں نواز شریف کو عدالت طلب کیا جائے گا اور انہیں عدالت میں ضرور طلب کیا جائے گا ۔ اس سے پہلے بھی انہیں 1998 میں طلب کیا گیا تھا جس کے دوسرے دن انہوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کرادیا لیکن اب وہ حملہ کرانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کیس بہت زیادہ مضبوط ہے جبکہ نواز شریف کے پاس کچھ بھی نہیں ہے، ان کی لئے جائیداد کی خرید و فروخت کے حوالے سے شواہد پیش کرنا بہت مشکل ہوجائے گا۔پی ٹی آئی کا کیس لڑنے کے حوالے سے میری پارٹی فیصلہ کرے گی تاہم حامد خان بہت اچھے طریقے سے کیس لڑ رہے ہیں انہیں کیس سے الگ نہیں ہونا چاہیے۔