کشمیری پیسوں کیلئے نہیں بلکہ اپنے بنیادی حقوق کیلئے برسراحتجاج ہیں ؛عمر عبداللہ

Published on December 2, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 433)      No Comments

11
سری نگر(یو این پی) مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ کشمیری پیسوں کیلئے نہیں بلکہ اپنے بنیادی حقوق کیلئے برسراحتجاج ہیں وادی میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں کے لوگوں کو مظالم کے پہاڑ نہ سہنے پڑے۔بھارتی حکومت کشمیر میں بحران کو سیکورٹی زاوئے سے دیکھنے کی غلطی بار بار دہرا رہی ہے ، کبھی حوالہ رقم حالات کی خرابی کی وجہ بتائی جاتی ہے اور کبھی کہاجاتا ہے کہ نوجوانوں کو پتھراؤ کرنے کیلئے پیسے فراہم کئے جاتے ہیں اور بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ ریاست کی وزیر اعلی اپنا اقتدار بچانے کیلئے خاموش تماشائی بن بیٹھی ہیں۔ موصوفہ بھارت کے سامنے کشمیر کے زمینی حالات اور لوگوں کے حقیقی مطالبات رکھنے کی بھی جرات نہیں رکھتی۔ان خیالات کا اظہار نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے کھنہ بل میں نیشنل کانفرنس ضلع کولگام اور اننت ناگ کے ڈیلی گیٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں اننت ناگ میں آپ سے مخاطب ہوں، اننت ناگ جنوبی کشمیر کا مرکز رہا ہے اور جنوبی کشمیر میں گذشتہ5ماہ کے دوران جو کچھ ہوا ، وہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اس وقت سب سے بڑا دھوکہ ہوا جب پی ڈی پی نے ان کے منڈیٹ کے عین برعکس بھاجپا کے ساتھ گلے مل کر اقتدار سنبھالا اور آر ایس ایس کو یہاں حکمرانی کرنے کا موقع فراہم کیا، جس کیلئے یہاں کے لوگوں نے پی ڈی پی کو قطعی ووٹ نہیں دیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر سمیت وادی میں ایسی کوئی جگہ نہیں جہاں کے لوگوں کو مظالم کے پہاڑ نہ سہنے پڑے۔ فصلوں کو نذر آتش کیا گیا، میوہ باغات کو نقصان پہنچایا گیا، ٹرانسفامر تباہ کئے گئے، مکانوں اور ملاک کی توڑ پھوڑ کی گئی، بلا لحاظ مرد و زن عمر و جنس لوگوں کا زد و کوب کیا گیا، ہزاروں کو زخمی کیا گیا، ہزاروں کو گرفتار کیا گیا اور سب سے بڑا نقصان قریبا 100معصوموں کو ابدی نیند سلا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس اس بات کا ہے کہ پی ڈی پی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے ان مظالم کے بارے میں ایک بار بھی لب کشائی نہیں کی بلکہ اس کے بجائے یہ کہا کہ مارے کئے معصوم بچے بنکروں میں ٹافی یا دودھ لینے نہیں جارہے تھے۔ گذشتہ5ماہ کے دوران گرفتار کئے گئے نوجوانوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیلئے امداد کا اعلان کیا جانا چاہئے، پیلٹ متاثرین کی بازآبادکاری عمل میں لائی جانی چاہئے اور جن لوگوں کے گھروں، فصلوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچایا گیا انہیں بھی معاوضہ دیا جانا چاہئے۔عمر عبداللہ نے بھارتی وزیر مملکت برائے داخلہ کرن رجیجو کے اس بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں موصوف نے کہا ہے کہ پتھراؤ کیلئے پیسے دیئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے ایسے بیانات سے ان والدین پر کیا بیت رہی ہوگی جن کے بچے موجودہ حالات میں جاں بحق ہوئے ۔ بھارتی کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہئے کہ کشمیری پیسوں کیلئے نہیں بلکہ اپنے بنیادی حقوق کیلئے برسراحتجاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے ایسے بیانات اس لئے آرہے ہیں کیونکہ یہاں کی وزیر اعلی نے انہیں زمینی حقائق اور لوگوں کے مطالبات اور مسئلہ کشمیر کی سیاسی ہیت کے بارے میں قائل کرنے کی ایک بار بھی کوشش نہیں کی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Themes