برسبین ٹیسٹ: 429 رنز کا پہاڑ دیکھ کر شاہین ’’زمین بوس‘‘ 97رنز پر 8 کھلاڑی آؤٹ

Published on December 16, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 515)      No Comments

1
برسبین(یو این پی) پاکستان اورآسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز 429 رنز کے جواب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار ہے۔پاکستان ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز بنا لئے ہیں جبکہ اسے مزید 332 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ فالو آن کے سائے تلے موجود پاکستان ٹیم کی آخری امید سرفراز احمد ہیں جو 31 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں جبکہ محمد عامر 8 رنز بنا کر ان کا ساتھ دینے کیلئے کریز پر موجود ہیں۔یونی ویژن نیوز کے مطابق آسٹریلیا کی پہلی اننگز میں 429 رنز کا پہاڑ دیکھ کر ایک بار پھر پاکستانی بلے بازوں کی ’’ٹانگیں کانپنا‘‘ شروع ہو گئیں اور صرف 67 کے مجموعی سکور پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے گئے اور 6 پاکستانی بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے۔ پاکستانی بلے باز کریز پر آئے تو یوں واپس جانے لگے جیسے بیٹنگ کرنے نہیں بلکہ صرف پچ کا معائنہ کرنے کیلئے تھے آئے۔یوا ین پی کے مطابق پاکستان بیٹنگ لائن نے تیسری وکٹ سے آٹھویں وکٹ تک یعنی 5 کھلاڑیوں نے مجموعی سکور میں صرف 24 رنز کا اضافہ کیا جو پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیسری سے آٹھویں وکٹ کے درمیان بنایا گیا سب سے کم سکور ہے۔میچ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو صرف 6 کے مجموعی سکور پر اظہر علی پویلین لوٹ گئے اور پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی۔ پہلے نقصان کے بعد سمیع اسلم اور بابر اعظم نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 37 رنز جوڑے اور کچھ امید نظر آئی لیکن بابر اعظم کی وکٹ کے ساتھ ہی ٹوٹ بھی گئی، وہ 19 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔مرد بحران کے نام سے پہچان رکھنے والے یونس خان ٹیم کو مزید بحران میں ڈال گئے اور 43 کے مجموعی سکور پر وہ بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان مصباح الحق بھی حسب روایت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور 4 رنز بنا کر برڈ کی گیند پر رنشاء کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔اسد شفیق نے اس بار بھی مداحوں کو شدید مایوس کیا اور صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ اوپنر سمیع اسلم نے کریز پر ٹھہر کر مزاحمت کی بھرپور کوشش کی تاہم وہ بھی 21 کے انفرادی سکور پر ہمت ہار گئے۔ پریکٹس سیشن میں اپنے ہی ساتھی یاسر شاہ کے خلاف جوش کا مظاہرہ کرنے والے وہاب ریاض اصل میدان میں ’’ٹھس‘‘ ہو گئے اور صرف 1 سکور بنا سکے۔ میچ میں سب سے مہنگے ثابت ہونے والے باؤلر یاسر شاہ بھی 1 سکور بنا کر چلتے بنے۔ سرفراز احمد 31 اور محمد عامر 8 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں جو تیسرے روز پاکستان کی پہلی نامکمل اننگز کا آغاز 97 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ سے کریں گے۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے انتہائی پرجوش باؤلنگ کراتے ہوئے 3,3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ جیکسن برڈ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔قبل ازیں دوسرے روز میزبان آسٹریلوی ٹیم نے اپنی نامکمل پہلی اننگز کا آغاز 288 رنز 3 کھلاڑی آؤٹ سے کیا تو پاکستانی باؤلرز نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے ابتداء میں ہی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا دی تاہم اس کے باوجود مخالف ٹیم 429 رنز کا پہاڑ کھڑا کرنے میں کامیاب ہو گئی۔کپتان سٹیو سمتھ اور پیٹر ہینڈز کومب نے شاہینوں کی خوب دھلائی کرتے ہوئے سنچریاں مکمل کیں۔ دونوں نے بالترتیب 130 اور 105 رنز بنائے۔ دیگر بلے بازوں میں ڈیوڈ وارنر نے 32 عثمان خواجہ 4، رنشا 71، میڈینسن 1 میتھیو ویڈ 7، مچل سٹارک 10، جوش ہیزل ووڈ 8، نیتھن لیون 29 اور جیکسن برڈ 19 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلرز نے مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا تاہم یاسر شاہ خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ محمد عامر اور وہاب ریاض نے 4,4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ یاسر شاہ صرف 2 وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکے۔واضح رہے کہ میچ کے پہلے روز آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے روزکھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 288رنز بنائے تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy