راولپنڈی: خونی بسنت کا وار، سوتے رہ گئے تھانیدار، قاتل ڈور نے 2 جانیں لے لیں

Published on February 25, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 285)      No Comments

9
راولپنڈی(یو این پی)وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پتنگ کے ساتھ ہی ہوا میں اڑا دیئے گئے، پنجاب بھر میں پابندی کے باوجود راولپنڈی میں سرعام بسنت منائی گئی، انتظامیہ سوتی رہی، قاتل ڈور گلے پر پھرنے سے دو موٹر سائیکل سوار نوجوان جان کی بازی ہار گئے، کس کے ہاتھوں پر مرنے والے کا لہو تلاش کریں، لواحقین کی ایک ہی دہائی۔پابندی کے باوجود راولپنڈی میں دن دیہاڑے بسنت منائی گئی۔ انتظامیہ کی آنکھیں بند رہیں۔ دو موٹر سائیکل سوار خونی ڈور کا شکار ہو گئے جبکہ تھانیدار سوتے رہے۔ منچلے چھتوں سے سرعام ہوائی فائرنگ بھی کرتے رہے۔ آتشبازی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔پنجاب بھر میں بسنت پر پابندی عائد ہے لیکن راولپنڈی شہر میں دن بھر پتنگیں اڑتی اور گولیاں چلتی رہیں۔ پتنگوں کیساتھ قانون کی دھجیاں بھی اڑیں لیکن پولیس سمیٹنے نہ آئی۔ راولپنڈی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات بھی پتنگوں کے ساتھ ہی ہوا میں اڑا دیئے۔گلے پر ڈور پھرنے سے مری روڈ اور ٹیپو روڈ پر دو نوجوان جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ ایک ننھی بچی بھی شدید زخمی ہو کر ہسپتال پہنچ گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی میں پتنگ بازی سے ہلاکتوں کا نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے اور اے ایس پی اور ایس ایچ او صدر کو معطل کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے اور صوبے میں پتنگ بازوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

Premium WordPress Themes