اب لاہور میں ’’کھیل جمے گا‘‘ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا ’’میلہ ‘‘لاہور میں سج گیا

Published on March 5, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 361)      No Comments

7
پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مابین (آج) شام قذافی سٹیڈیم لاہور میں’’ فائنل‘‘ کھیلاجائے گا
دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور کپتان فائنل جیتنے کیلئے پرعزم،کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے سیکورٹی کے وی وی آئی پی انتظامات،
تماشائیوں کو ٹکٹ کے ہمراہ اصل شناختی کارڈ بھی لانا ہوگا ،میٹر و بس سروس رات ایک بجے بند ہوگی
لاہور(یو این پی )پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کا فائنل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے مابین( آج) اتوار کی شام قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلاجائے گا،27ہزار کی گنجائش والے سٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کی تمام تر ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں،دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور کپتان فائنل جیتنے کے لئے پرعزم دکھائی دیتے ہیں ،شاہد آفریدی زخمی ہونے کی وجہ سے پشاور زلمی کی طرف سے فائنل میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے ،پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائنل کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتانوں، بورڈ سربراہان اور کرکٹرز کو دعوت نامے ارسال کر دیئے ہوئے ہیں،پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی اور ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی کے مطابق فائنل کے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں،یوا ین پی کے مطابق پی ایس ایل کی شاندار اختتامی تقریب منعقد ہوگی جس میں ملک کے معروف گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے تاہم معروف گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی اختتامی تقریب میں پرفارم کرنے سے معذرت کرلی ہے،گلوکار علی ظفر نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کے لیے ٹائٹل سانگ ’’کھیل جمے گا‘‘ گا کرلیگ کو چار چاند لگائے ہیں جبکہ دوسرے ایڈیشن کا فائنل لاہور میں ہونے جارہا ہے جس میں کئی غیر ملکی کھلاڑیوں نے شرکت سے معذرت کرلی ہے وہیں کچھ کھلاڑی فائنل میں شرکت کے لیے تیار بھی ہیں لیکن اب گلوکار علی ظفر بھی فائنل میں اپنی پرفارمنس نہیں دے سکیں گے،علی ظفر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے فائنل میں پرفارم کرنے سے معذرت کی،گلوکار کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں پر فارم نہیں کر سکوں گا جبکہ یہ ایک بڑا یادگار لمحہ ہے اور امید ہے ہے کہ یہ پر امن طریقے سے انجام پائے گا ، فائنل میچ کے دوران کھلاڑیوں اور شائقین کیلئے سیکورٹی کے وی وی آئی پی انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس ‘رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کی بھاری تعداد کو سٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے جبکہ ایئرپورٹ سے لے کر کھلاڑیوں کے ہوٹل اور ہوٹل سے لے کر قذافی سٹیڈیم تک فول پروف سیکورٹی مہیا کی گئی ہے ،سٹیڈیم میں داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ بنائیں گئے ہیں ،تماشائیوں کو پانچ جگہ پر چیکنگ کا سامنا کرنا پڑے گا ،ایمبولینس‘بم ڈسپوزل اسکواڈ ‘سراغ رساں کتے اور جدید ترین سیکورٹی آلات کو بھی استعمال کیا جارہا ہے،نادرہ کا عملہ بھی شناختی کارڈز کو چیک کرنے کے لئے موجود ہوگا ،ٹریفک اور پارکنگ پلان کو حتمی شکل دی جاچکی ہے،قذافی سٹیڈیم لاہور سے روٹھی ہوئی کرکٹ کی واپسی ہوجائے گی، میدان کو دلہن کی طرح سنوار دیا گیا ہے اور بیٹنگ وکٹ تیار کی گئی ہے جہاں چھکوں سے بہار آئے گی اور لگاتار چوکے بھی لگیں گے جس کے ساتھ جوش وجذبہ، ہلہ گلہ، شور شرابہ بھی خوب ہو گااور سٹیڈیم میں سپر سٹارز کی سپر تصاویر بھی آویزاں کی گئی ہیں نیز پارکنگ اور روٹ بھی طے ہو گیا ہے جبکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کیلئے ہاکی سٹیڈیم میں 25بستروں کا عارضی ہسپتال بھی بنا دیا گیا ہے،پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے موقع پر لاہور میں موسم خوشگوار رہے گا اور خراب موسم کی وجہ سے میچ متاثر ہونے کا کوئی خطرہ نہیں ہوگا ، محکمہ موسمیات نے پی ایس ایل فائنل کے دن موسم خوشگوار رہنے کی پیشگوئی کی ہے، پانچ مارچ کو دوپہرسے لے کررات گئے تک موسم خشک اور خوشگوار رہے گا، دن ایک بجے سے شام 6 بجے تک درجہ حرارت 26 سے 28 سینٹی گریڈ جبکہ شام 6 بجے سے رات 12 بجے تک درجہ حرارت 17 سے 22 سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران شمال مغرب سے چلنے والی ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار رہے گا،پی ایس ایل فائنل کے لیے 4 انکلوژرز عمران خان‘ فضل محمود‘وسیم اکرم اور وقار یونس کی ٹکٹ 12 ہزار روپے ، اے ایچ کاردار‘ رمیز راجہ‘ جاوید میاں داد اورعبدالقادر انکلوژرز کی ٹکٹ 8 ہزار جبکہ حنیف محمد‘ماجد خان‘ ظہیر عباس‘ امتیاز احمد‘ سعید احمد‘ انضمام الحق‘ نذر محمد اور قائد انکلوژرزکے لیے ٹکٹ کی قیمت 4 ہزار روپے ہے ، جنرل انکلوژز میں داخلہ فیس 500 روپے ہے اور یہ انکلوژرز سعید انور اور سرفراز نواز کے نام سے منسوب ہیں،تمام ٹکٹیں فروخت ہوچکی ہیں،شائقین کرکٹ کو ٹکٹ کے ساتھ اصلی شناختی کارڈ بھی ساتھ لانا ہوگا اور نابالغ ہونے کی صورت میں گارڈین ساتھ ہونا چاہئے ،میچ کے دوران موبائل سروس بند نہیں ہوگی جبکہ شائقین کی سہولت کے لئے میٹرو بس کے بند ہونے کا وقت رات ساڑھے دس بجے سے بڑھا کر رات ایک بجے تک کردیا گیا ہے ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes