ویسٹ انڈیز نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیدی

Published on April 8, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 813)      No Comments


پروویڈینس(یو این پی) ویسٹ انڈیز نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔گیانا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو جیت کے لئے 309 رنز کا ہدف دیا جسے جیسن محمد کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے 6  وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں این لیوس اور چیڈوک والٹن میدان میں اترے لیکن 23 کے مجموعی اسکور پر والٹن 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ جس کے بعد دوسری وکٹ پر لیوس اور پاویل نے 68 رنز کی شراکت قائم کی اور لیوس 47 رنز بنا کر محمد حفیظ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پاویل 61، ہوپ 24، جوناتھن کارٹر 14، کپتان جیسن ہولڈر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن محمد نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گراؤنڈ کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے اور58 گیندوں پر 3 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 91  رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی اور ہدف 49ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاداب خان نے 2، 2 جب کہ محمد حفیظ اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر جیسن محمد کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان نے ٹاس جیت کر گرین شرٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کامران اکمل اور احمد شہزاد نے ٹیم کو 85 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، کامران اکمل نے 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 47 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ احمد شہزاد نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 67 رنز پر پویلین لوٹے۔ بابر اعظم اور محمد حفیظ نے 28 رنز کی شراکت قائم کی لیکن بابر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد حفیظ نے شعیب ملک کے ساتھ ملکر جارحانہ بلے بازی کی اور چوتھی وکٹ کے لیے 89 رنز جوڑے، حفیظ نے 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 88 رنز بنائے جب کہ شعیب ملک نے 38 گیندوں پر 53 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ کپتان سرفراز احمد 13 گیندوں پر 20 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایشلے نرس نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes