نواز لیگ کی طرف سے مٹھائیوں کی تقسیم سمجھ سے بالا تر ہے؛عمران خان

Published on April 26, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 293)      No Comments


پشاور: (یو این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر ہم نے مٹھائی اس لئے بانٹی کہ ہم پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار احتساب سے بھاگنے والے ایک طاقتور موجود وزیر اعظم جس نے پولیس، بیورو کریسی سمیت تمام اداروں پر قبضہ کر رکھا ہے کی تلاشی کے لئے اپنی جدوجہد میں سرخرو ہوئے ہیں ہمارا نقطہ نظر ثابت ہو چکا ہے۔ البتہ نواز لیگ کی طرف سے مٹھائیوں کی تقسیم سمجھ سے بالا تر ہے۔ دو ججز نے کہا ہے کہ نواز شریف بے ایمان جھوٹا اور کرپٹ سیاست دان ہے تین ججز نے حکمرانوں کی طرف سے پیش کردہ صفائی کو مسترد کیا ہے پانچ ججوں پر مشتمل بنچ نے قطری خط کو یکسر مسترد کرتے ہوئے منی ٹریل، ذرائع آمدنی سمیت تیرہ سوالات کے جوابات مانگے ہیں۔ جس طرح نواز شریف نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا ہم بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ نواز شریف مستعفی ہو جائیں۔ عمران خان نے عوام کو 28 اپریل 2017 کو اسلام آباد جلسے میں بھر پور شرکت یقینی بنانے کا کہتے ہوئے کہا کہ ہم شعور کی بیداری کی مہم جاری رکھیں گے امید ہے تحقیقاتی ادارے میرٹ پر تحقیق یقینی بنائیں گے۔ نواز شریف معصوم شکل بنا کر عوام کے سامنے آ جاتا ہے حالانکہ اندر سے بہت بڑا مافیا ہے۔ وہ کسی کو بھی خرید سکتا ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کر رہے تھے۔ عمران خان نے کہا کہ جمعہ کا جلسہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خیبر پختونخوا کے عوام نے پرویز خٹک کی سربراہی میں 31 اکتوبر 2016 کو جس جوش اور ولولے کا مظاہرہ کیا تھا اسی طرح آئندہ جمعہ کو اسلام آباد کے جلسے میں بھی شرکت یقینی بنائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پرویز خٹک کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کے با شعور نوجوانوں کی جدوجہد کی وجہ سے راستہ ہموار ہوا تھا جس پر ملک میں ایک نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔ یہ نئے پاکستان کی جنگ ہے۔ دو مہینوں کی بات ہے۔ نواز شریف اور اس کے حواری اپنی کرپشن چھپانے میں مصروف ہیں اور ہم اس کرپشن کو بے نقاب کر کے کرپٹ سیاستدانوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے تگ و دو کر رہے ہیں۔ جو ادارے تحقیقات کر رہے ہیں وہ حکمرانوں کے نیچے ہیں پھر بھی ہم شفاف تحقیقات کی امید رکھتے ہیں۔ سپریم کورٹ کے فیصلے سے لوگ حکمرانوں کے ظلم کو سمجھ چکے ہیں۔ قطری خط نے نواز شریف کے دفاع کو ختم کر دیا ہے۔ کیونکہ یہ سب کچھ قطری خط میں ڈال رہے تھے۔ قطری زیرو ہوا تو یہ بھی زیرہ ہو گئے۔ عمران خان نے کہا کہ ہمیں کرپشن اور لوٹ مار کے خلاف اس جنگ کو منطقی انجام تک لے جانا ہے جس کے لئے عوام کو چوکنا رہنا ہو گا۔ ہم بال کو ڈی تک لے گئے ہیں اب عوام نے اسے حتمی کامیابی میں بدلنا ہے۔ عمران خان نے اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی 21ویں سالگرہ پر پارٹی قائدین اور کارکنان کو مبارکباد دی اور نئے پاکستان کے لئے طویل جدوجہد پر خراج تحسین پیش کیا۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes