ہم نے نہ کبھی جھوٹ کی سیاست کی اور نہ آئندہ کریں گے، وزیراعظم محمد نوازشریف

Published on June 5, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 385)      No Comments


لاہور (یوا ین پی) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے نہ کبھی جھوٹ کی سیاست کی اور نہ آئندہ کریں گے، جو بھی کہا اس پر خلوص نیت سے عمل کیا، مخالفین کا ایجنڈا نہ جانے کیا ہے، ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا، مسلم لیگ (ن) کے کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، یہ اثاثہ جس کے پاس بھی ہو وہ ناکام نہیں ہوتا، کارکنوں کو پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں اندرون شہر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے توانائی کی قلت کو دور کرنے کیلئے موجودہ حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے مؤثر اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے منصوبے ایک ایک کرکے مکمل ہو رہے ہیں، گزشتہ روز بجلی کی 19 ہزار ریکارڈ پیداوار ہوئی جبکہ ہزاروں میگاواٹ بجلی اس سال اور آئندہ سال کے آخر تک نظام میں شامل ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ منصوبوں کو کم سے کم مدت، لاگت اور شفافیت کے ساتھ مکمل کر رہے ہیں اور بجلی کے کئی منصوبے افتتاح کیلئے تیار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ توانائی منصوبوں پر 36 ارب ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں، 36 سو میگاواٹ کے ایل این جی کے تین منصوبوں میں 112 ارب روپے کی بچت کی۔ انہوں نے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کئے جانے کے حوالہ سے کہا کہ اورنج لائن اور میٹرو بس سروس غریبوں کی بہترین خدمت ہے، مخالفین کا ایجنڈا نہ جانے کیا ہے، ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں پاکستان میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی جبکہ اقتصادی اشاریوں میں بھی بہتری آئی ہے۔ وزیراعظم نے کارکنوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ان سے مل کر مجھے بے حد خوشی ہو رہی ہے، حلقہ کے عوام کے ساتھ دیرینہ رشتہ ہے جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 1985ء سے ان کے ساتھ ایک نئے تعلق کا آغاز ہوا، ہم نے 1985ء کے بعد مسلم لیگ کو نئے سرے سے منظم کیا، ہمارے اور آپ کے تعلق میں کوئی دراڑ نہیں آئی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ جب بھی مشکل وقت آیا پارٹی قیادت اور کارکنوں نے حوصلے سے برداشت کیا۔ انہوں نے کہا کہ کارکن ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں، کارکنوں کا قیمتی اثاثہ جس کے پاس بھی ہو وہ ناکام نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ کا نظام ہے کہ جو کرتا ہے وہ بھرتا ہے، مسلم لیگ (ن) کی خوش نصیبی ہے کہ اس کے پاس آپ جیسے مخلص لوگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کو پاکستان کا مفاد عزیز ہے۔ وزیراعظم نے بتایا کہ انہوں نے لاہور اور پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیر کو ایک اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں پر شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں، شہباز شریف نے لاہور اور پنجاب کی ترقی میں بھرپور دلچسپی لی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے میں نے بھی اپنے دور حکومت میں جانفشانی سے کام کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes