اگلے دس سالوں میں مقبوضہ کشمیر آزاد ہو جائے گا؛رادھا کمار

Published on July 7, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 491)      No Comments


نئی دلی(یو این پی)بھارت کی سابق مذاکرات کار نے اگلے 10 سال میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا امکان ظاہر کر دیا ہے، جب کہ برہان وانی کی برسی قریب آنے پر پوری وادی میں صورت حال انتہائی کشیدہ ہے۔ نئی دلی میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سابق بھارتی مذاکرات کار برائے مقبوضہ کشمیر اور سول سوسائٹی کی رکن پروفیسر رادھا کمار نے کہا کہ اگر مسئلے کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں نہ کی گئیں تو بھارت اگلے 10 برس کے دوران کشمیر کو کھو سکتا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 8 جولائی کو حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع پر پوری وادی میں حالات نہایت کشیدہ ہیں۔ بھارتی فورسز نے زیادہ تر حریت پسند رہنماؤں کو نظر بند کر دیا اور وادی میں موبائل فون سروس بھی معطل کر دی گئی، جب کہ 21 ہزار اضافی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔ نہتے مظاہرین پر قابض فورسز کی فائرنگ سے زخمی افراد سے اسپتال بھرے ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے رہنما شبیر شاہ نے کشمیری مجاہد کی برسی کے موقع پر برہان وانی کو تمغہ جرات دینے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر بھارتی فوج کا ایک اہلکار منحرف ہو کر اسلحہ سمیت کشمیری حریت پسندوں سے جا ملا۔ پلوامہ سے تعلق رکھنے والا ظہور احمد ٹھوکر گزشتہ رات گئے سے بارہ مولا میں اپنی چھاؤنی سے غائب تھا جس کی بڑے پیمانے پر تلاش کی گئی جس کے بعد اسے مفرور قرار دے دیا گیا۔ دریں اثنا بھارتی میڈیا کے مطابق حزب المجاہدین کے سابق کمانڈر ذاکر موسیٰ نے برہان وانی کی برسی پر کشمیری مجاہدین کی بھرتیوں کی نئی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes