موسلا دھار بارشیں: کئی شہروں میں تباہی، 4 افراد جاں بحق

Published on July 13, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 323)      No Comments

لاہور(یو این پی) مون سون کا دوسرا راؤنڈ تباہی لے آیا۔ موسلا دھار بارش سے کئی شہر پانی پانی ہو گئے۔ سڑکیں، گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرتی رہیں۔ انتظامیہ غائب رہی۔گجرات میں چند گھنٹے کی بارش کے بعد شہر جھیل کا منظر پیش کرتا رہا۔ کرنٹ لگنے سے ایک بچی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔ چھتیں گرنے سے چار افراد زخمی ہو گئے۔ شہری آمد و رفت کیلئے کشتیاں استعمال کرتے رہے۔ڈسکہ میں بارش سے چوک دھرم میں چھت گرنے سے تین افراد جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کیلئے ریسکیو آپریشن کئی گھنٹے جاری رہا۔
لاہور میں وقفے وقفے سے برسنے والی بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا۔ میانوالی میں انڈر پاس پانی سے بھر گیا۔ کئی گاڑیاں پھنس گئیں۔ وادی نیلم کے گاؤں لیسوا میں پانچ گھر ریلے میں بہہ گئے۔بارش کے بعد بیشتر علاقوں میں ندی نالے بپھر گئے۔ راولپنڈی میں نالہ لئی میں پانی کی سطح 9 فٹ بلند ہو گئی۔ سیالکوٹ اور جہلم میں بھی جل تھل ایک ہو گیا۔ صوابی اور ژوب میں طوفانی بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی۔ پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes