کمیونٹی کے مہرباں 

Published on July 21, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 472)      No Comments

تحریر: محمد انور
پاکستان تحریک انصاف اٹلی اور آکاش ویلفیئر ٹرسٹ انٹرنیشنل کا اجلاس جاری تھا، ایک سینئر صحافی نے خبر بریک کی،اس نے بتایا کہ ابھی ابھی اطلاع موصول ہو ئی ہے کہ تورینو میں زیر تعلیم ایک پاکستانی طالب علم وفات پا گیا ہے،اس کا جسد خاکی پاکستان روانہ کرنے کے لئے فنڈ اکھٹا کیا جارہا ہے،آپ تمام بھائیوں سے بھی فنڈ کی اپیل کی جاتی ہے،ایک آواز آئی اور کہا گیا کہ فنڈ اکھٹا کرنے کی ضرورت نہیں آکاش ویلفیئر ٹرسٹ انٹر نیشنل میت پاکستان بھجوانے کے تمام اخراجات برداشت کرے گا،سب کی نظریں کلمات تحسین کے ساتھ اس آواز کی طرف لپکی۔یہ تھے ڈائریکٹر جنرل آکاش ویلفیئر ٹرسٹ انٹر نیشنل چوہدری آصف علی باجوہ،کامیاب بزنس مین اور آئندہ جنرل الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پی پی۔126سے میدان میں اتریں گے۔
اٹلی کی پاکستانی کمیونٹی خوش قسمت ہے کہ ہر دور میں اسے کو ئی نہ کوئی چوہدری آصف علی باجوہ مل جاتا ہے،ان سے قبل طارق شریف بھٹی کا نام کمیونٹی کے مہربان کے طور پر لیا جاتا ہے،میری ان سے آج تک ملاقات نہیں ہو سکی،ان کے بارے میں سنا بہت ہے،نجانے وہ مسیحا اٹلی سے کیوں منہ موڑ گیا،کسی اور ملک کی کمیونٹی ان کی منتظر تھی یا پھر پاکستان کو ان کی ضرورت تھی،اٹلی کی کمیونٹی ان کی درازء عمر کے لئے دعا گو ہے، جہاں بھی رہیں اللہ ان کے مقام و مرتبہ میں اضافہ اور کاروبار میں ترقی دے۔
اٹلی کی پاکستانی کمیونٹی آج جس مقام پر کھڑی ہے،اسے یہاں تک پہنچانے میں اور اس کی تعمیروترقی میں ہر پاکستانی نے اپنا کردار ادا کیا ہے،ایک ایک فرد کا نام لینا میرے فرائض میں شامل ہے،یہ قرض میں کسی اور موقع پر چکاؤں گا، چوہدری امجد حسین رولیہ کا ذکر ضرور کرنا چاہوں گا،چوہدری امجد حسین رولیہ کمیونٹی کا ایسا نام ہے جس کو سنتے ہی ہر دل احترام کے جذبات سے دل معمور ہو جاتا ہے،اللہ تعالی نے انھیں بھی بے حساب دیا ہے اور وہ بھی مخلوق خدا کی بے حساب خدمت کرتے ہیں،دل کے غنی اور کھرے انسان ہیں،مہمان نواز ہیں،ان کی مہمان نوازی بلا امتیاز و بلاتفریق ہر طبقہ کیلئے ہے۔کہتے ہیں کہ مہمان پاکستان سے اپنے سفر کا آغاز کرتا ہے اور وہ یہاں تیاریاں شروع کر دیتے ہیں۔چوہدری امجد حسین رولیہ اپنے آس پاس اور دور دراز ہر جگہ پر نظر رکھتے ہیں،دکھی انسانیت اور ضرورتمندوں کی ایسے مدد و خدمت کرتے ہیں کہ بائیں ہاتھ کو بھی نہیں پتہ چلتا۔بے ضرر،مفاد پرستی سے پاک اور کمیونٹی کے اتحاد کے بہت بڑے علمبردار ہیں۔
آئیے!کمیونٹی کے ایک اور خیر خواہ اور مسیحا کی بات کرتے ہیں،انھوں نے سماجی خدمات کا اتنا وسیع جال بچھا رکھا ہے کہ اب لوگ صرف اتنا ہی کہتے ہیں کہ طارق شریف بھٹی بھی تھے مگر باجوہ صاحب نے کمال کر دیا ہے،اب چوہدری آصف علی باجوہ کی خدمات کا اظہار کرنے کے لئے کمیونٹی طارق شریف بھٹی کا نام بطور پیمانہ لیتی ہے،چوہدری آصف علی باجوہ سماجی خدمات میں بہت بڑا مقام حاصل کر چکے ہیں،پاکستان ہو یا اٹلی ہر سطح کے لو گوں کی خدمت کرکے خوشی محسو س کرتے ہیں،آکاش ویلفیئر ٹرسٹ کی عمر بمشکل ایک سال ہو گی مگر سماجی و مذہبی شعبوں میں خدمات کا حجم کروڑوں میں ہے۔مساجد کی تعمیر،خریدو فروخت،یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت،مستحق،غریبوں اورمسکینوں کی مدد ان کی پہچان بن چکی ہے،اٹلی میں وفات پا جانے والے ایسے افراد جن کی میت پاکستان روانہ کرنے میں مسائل آرہے ہوں وہاں آکاش ویلفیئر ٹرسٹ بڑھ کر اپنا کردار ادا کرتا ہے،حال ہی میں انھوں نے چیئر مین آکاش ویلفیئر ٹرسٹ انٹر نیشنل چوہدری خالد چیمہ وارثی سے مشاورت کے بعد ٹرسٹ کی ایگزیکٹو کونسل میں توسیع کی ہے اور پورے اٹلی سے آکاش ویلفیئر ٹرسٹ کے ممبران نامزد کیے ہیں،یہ ممبران اپنے اپنے علاقے سے کمیونٹی کی ویلفیئر کے لئے ٹرسٹ کو تجا ویزاورسفارشات پیش کریں گے۔
اٹلی سے تحریک انصاف کے نظریاتی نوجوان چوہدری آصف علی باجوہ کی قیادت میں متحد ہوچکے ہیں۔چوہدری آصف علی باجوہ اپنے ارادوں اور عزم کے پکے ہیں،جو کہتے ہیں کر کے دکھا دیتے ہیں،ان کے عزم اور ارادوں کا اندازہ ان کی بزنس ایمپائر سے لگا یا جاسکتا ہے۔چوہدری آصف علی باجوہ کی قیادت میں تحریک انصاف مستقبل میں ایک بہت بڑی سیاسی قوت کے طور پر ابھرتی نظر آرہی ہے،یقیناًدوسری ملکی سیاسی جماعتوں کے لئے بہت بڑا چیلنج ہو گا۔سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے دورہ سے سیاسی اور سماجی سطح پر جو شکست وریخت ہوئی اس سے زمینی حقائق بدل چکے ہیں،ایک نئے سیاسی وسماجی اور صحافتی دور کا آغاز ہو چکا ہے،چوہدری آصف علی کا سیاسی قد کاٹھ بہت بڑھا ہے،مستقبل میں تحریک انصاف کی کمان اٹلی میں ان کے ہاتھ میں نظر آتی ہے۔الیکشن میں کامیابی کیلئے وہ پر امید ہیں،اپنے حلقہ میں سڑکوں کی تعمیر سمیت ترقیاتی کاموں کا آغاز کر چکے ہیں،اپنے حلقہ کی12 یونین کونسلز کے دورے شروع کر دئیے ہیں،جب وہ اٹلی میں ہوتے ہیں تو پاکستان میں ان کے بیٹے آکاش باجوہ،والد چوہدری محمد انور باجوہ اور بھائی چوہدری ندیم باجوہ ہمہ وقت اپنے حلقہ کے لوگوں سے رابطہ میں رہتے ہیں۔
آخری بات!چوہدری آصف علی باجوہ، دیگر رفاہی،فلاحی،مذہبی اور سماجی خدمات کے ساتھ،کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی،کھیلوں کے فروغ اور اٹلی کے طول وعرض میں منعقد ہونے والے ثقافتی میلوں کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرر ہے ہیں،پاکستان ہو یا اٹلی وہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی میں اپنا ثانی نہیں رکھتے۔نوجوانوں کوایسے لوگوں کے دست و بازو بن کر کمیونٹی ویلفیئر کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے،کرپٹ حکمرانوں اور ان میں بس یہی فرق ہے کہ حکمرانوں کی ہوس قومی وسائل لوٹ لوٹ کر بھی پوری نہیں ہوئی اور یہ کمیونٹی اور قوم کی بے لوث خدمت پر مامور ہیں۔دعا ہے کہ اللہ،چوہدری آصف علی باجوہ سے ملک وقوم کیلئے اس سے بھی بڑا کام لے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Blog