ٹرمپ کی دھمکیاں: خواجہ آصف کو امریکا نہ بھیجنے کا فیصلہ

Published on August 25, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 264)      No Comments


اسلام آباد (یو این پی) امریکی صدر کے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کے بعد حکومت نے وفاقی وزیرخارجہ خواجہ آصف کو امریکا نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کیا گیا جس میں ٹرمپ کی دھمکیوں اور موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی، اجلاس میں شریک اراکین کو وزیراعظم نے دورہ سعودی عرب سے آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق سلامتی کمیٹی کے اراکین نے تجویز دی کہ عالمی اور علاقائی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا جائے اور پڑوسی ممالک کو اعتماد میں لیا جائے کیونکہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان سے زیادہ کسی نے قربانیاں نہیں دیں۔سلامتی کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ دنیا کو پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا، ہماری قربانیوں کو نظر انداز کرنا نہایت افسوسناک ہے، سلامتی کمیٹی اور اجلاس میں شریک اراکین کی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے خواجہ آصف کو امریکا کے دورے پر نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق خواجہ آصف پیر 28 اگست کو چین کے دورے پر روانہ ہوں گے اور خطے کے دیگر دوست ممالک کے بھی عید سے قبل دورے کر کے تمام پڑوسی ممالک کو اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پڑوسی ممالک کے دوروں کا مقصد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر اعتماد میں لینا ہے۔

 

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy