صدر مملکت ممنون حسین کا ہفتہ کو قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی ہنزہ کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب

Published on August 26, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 283)      No Comments

ہنزہ (یو این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے گلگت بلتستان کے نوجوان طلباء پر زور دیا ہے کہ وہ جدید علوم سے اپنے آپ کو آراستہ کر کے اس قوم کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمت کریں،خطہ کے بہادر عوام کے غیر معمولی کارناموں کا پہلا مظاہرہ عظیم شاہراہ ریشم کی تعمیر کی شکل میں سامنے آیا ،عوام شاہراہ ریشم کی طرح صرف اقتصادی راہداری کی حفاظت کرکے اس سے بھر پور فائدہ اٹھا کر گلگت بلتستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے ، مجھے گلگت بلتستان کے لوگوں کی صلاحیت اورعزم و حوصلے پربھروسہ ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی ہنزہ کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان غضنفر علی خان ، قراقرم یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر خلیل احمد ، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔صدر مملکت نے کہاکہ چند برس قبل ہم نے ایک خواب دیکھا تھا جس کی ہنزہ کیمپس کی صورت میں خوبصورت تعبیر ہماری آنکھوں کے سامنے ہے ۔ میری دعا ہے کہ قراقرم یونیورسٹی کا ہنزہ کیمپس آنے والے دنوں میں مزید ترقی کرے ، پھلے پھولے اور دنیا کے اس خوبصورت ترین خطے میں علم کا نور بانٹتا رہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ کسی نیک کام میں کسی بھی حوالے سے شرکت اور تعاون صدقہ جاریہ کی ایک شکل ہے ۔ بفضلِ الہٰی جس کے اجر کے ہم سب حق دار بن چکے ہیں۔ میری دعا ہے کہ نیکی اور بھلائی کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری و ساری رہے اور ہمارے معاشرے میں خیروبرکت کو فروغ ملتا رہے ۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان اور خاص طور پر ہنزہ کے ذکر سے تاریخ کے ایک سنہری دور کے دریچے کھل جاتے ہیں جب اس علاقے کے بہادر اور جفاکش عوام نے ڈوگرا سامراج کاجی داری سے مقابلہ کرتے ہوئے آزادی کی نعمت حاصل کی اوردنیا کی ان حسین وادیوں ، ندی ، نالوں ،آبشاروں اور بلند و بالا پہاڑوں کی سرزمین کا پاکستان کے ساتھ الحاق کرکے تاریخ کو ایک نیا رخ دے دیا ۔ یہ ایک خوبصورت اتفاق ہے کہ اس خطے کے بہادر عوام نے اپنے غیر معمولی کارناموں سے دنیا کو حیران کرنے کا عمل مسلسل جاری رکھا جس کا پہلا مظاہرہ عظیم شاہراہ ریشم کی تعمیر کی شکل میں سامنے آیا اور اب اس صدی کے سب سے بڑے عجوبے پاک چین اقتصادی راہداری کی شکل میں ظہور میں آ رہا ہے ۔ صدر مملکت نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ اس خطے کے عوام شاہراہ ریشم کی طرح صرف اقتصادی راہداری کی حفاظت کا فریضہ ہی سرانجام نہیں دیں گے بلکہ اس سے بھر پور فائدہ اٹھا کر گلگت بلتستان کی ترقی اورخوشحالی کیلئے بھی انپا کردار ادا کریں گے ۔ مجھے آپ لوگوں کی صلاحیت اورعزم و حوصلے پربھروسہ ہے ۔ میں توقع کرتا ہوں کہ صوبے کی قیادت، خاص طور پر نوجوان اس سلسلے میں اپنا کرداربخوبی ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ ماضی کے مقابلے میں آج کی دنیا بہت بدل چکی ہے جس میں قدرتی وسائل کے ساتھ انسانی وسائل کی اہمیت میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے ۔محدود قدرتی وسائل رکھنے والی قوموں کاشمار بھی دنیا کی امیرترین قوموں میں ہونے لگا ہے ۔ ان کی ترقی اور خوشحالی کاراز انسانی وسائل کی ترقی اور بہتر تربیت میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور خاص طور پر گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی وسائل سے نواز رکھا ہے۔ اگر ہمارے لوگ بھی جدید علوم و فنون کی دولت سے مالا مال ہو کر اپنے وسائل کو بروئے کار لائیں تو اس کے نتیجے میں ہمارا ملک اور یہ خطہ حیرت انگیز ترقی کرسکتاہے ۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہنزہ جیسے دور دراز اور دشوار گزار مقامات میں تعلیم کی اعلیٰ ترین سہولتیں پہنچانے کا سب سے بڑا مقصد یہ ہونا چاہئے کہ ہمارے نوجوان ڈگری حاصل کرنے کے بعد سرکاری ملازمت کیلئے تگ و دو کرنے کے بجائے جدید دنیا کے معمار بن کر وطن اور اس دنیا کی خدمت کریں۔ ان مقاصد کے حصول کیلئے تعلیم برائے تعلیم کی روش سے آگے بڑھ کر تعلیم برائے افادیت کے اصول پر نوجوانوں کو تربیت دینی ہوگی۔ میں توقع کرتاہوں کہ جامعہ قراقرم اس سلسلے میں اپنی ذمہ داری بطریق احسن پوری کرے گی۔ مجھے خوشی ہے کہ اس جامعہ نے ان ہی مقاصد کے پیش نظر سی پیک سیل قائم کر دیا ہے ۔ مجھے توقع ہے کہ یہ سیل اقتصادی راہداری سے فائدہ اٹھانے کیلئے نوجوانوں کی جامع انداز سے تربیت کرے گا۔ میں ہنزہ میں جامعہ قراقرم کے کیمپس کے قیام پر آپ سب کو خاص طورپر اس ادارے میں زیر تعلیم نوجوانوں کو مبارک باد دیتاہوں اور توقع کر تاہوں کہ وہ اپنے وطن اور اپنے لوگوں کی طرف سے عائد ہونے والی ذمہ داریوں کو خوش اسلوبی سے ادا کریں گے۔ میں آپ سب لوگوں کی ترقی اورخوشحالی کیلئے دعا گو ہوں۔اللہ تعالیٰ ہم سب کو اپنی حفظ و امان میں رکھے ، آمین

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Theme