مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے لئے مصیبتوں میں روز بروز اضافہ

Published on December 7, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 253)      No Comments

اسلام آباد(یو این پی) مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے لئے مصیبتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ختم نبوت کے معاملے کو چھیڑ کر حکومت نے نہ صرف پوری قوم کو بے چین کر دیا بلکہ پاکستان جو کہ بڑی تیزی سے مذہبی جنونیت سے روشن خیالی کی طرف بڑھ رہا تھا ایک بار پھر پرتشدد مذہبی گروہوں کی آماجگاہ بن رہا ہے۔ فیض آباد دھرنے کے نتیجے میں ہونے والے ایک معاہدے نے مذہبی جتھوں کو نیا حوصلہ دے دیا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مختلف سطحوں پر مذہبی گروہ متحد ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تین روز قبل متحدہ علماء و مشائخ کونسل نے خانقاہوں اور درگاہوں کے گدی نشینوں کا ہنگامی اجلاس بلا کر ایک نیا مذہبی پریشر گروپ بنانے کا اعلان کیا ہے اور حکومت کو خبردار کیا ہے کہ وہ ختم نبوت کے حلف نامہ اور قانون میں تبدیلی کرنے والے حکومتی ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے جس کے لئے انہوں نے محض تین چار روز کی مہلت دی ہے، متحدہ علماء ومشائخ پاکستان کے صدر پیر خواجہ عطاء اللہ تونسوی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ پیر حمید الدین سیالوی نے صرف ایک وزیر قانون پنجاب کا استعفیٰ مانگا ہے ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ بلا تاخیر رانا ثناء اللہ کو عہدے سے فارغ کرے ورنہ ہم خانقاہوں اور درگاہوں کی سطح پر اپنے اپنے حلقہ اثر میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دلوائیں گے۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 65 ایم این ایز ہمارے حکم پر اپنے استعفے پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر درگاہوں کے سجادہ نشین و گدی نشین میدان میں آ گئے تو پورا ملک جام کر دیں گے اور پھر صرف رانا ثناء اللہ کے استعفے کی بات نہیں ہو گی بلکہ پوری حکومت کا استعفی مانگا جائے گا۔ خواجہ عطاء اللہ نے بتایا کہ ہم نے متفقہ فیصلے کے مطابق حکومت کو آگاہ کر دیا ہے کہ اب کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے بلکہ حکومت ہمیں صرف یہ بتائے کہ اس نے ختم نبوت پر ڈاکہ مارنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں دکھ ہے کہ حکومت مستعفی وزیر قانون زاہد حامد کو نشان عبرت بنانے کی بجائے اسے نوازنے کی کوشش کر رہی ہے اور اطلاع ہے کہ زاہد حامد کو کسی بڑے یورپی ملک میں سفیر مقرر کیا جا رہا ہے، ہمیں اس حکومت سے کسی اچھائی کی توقع نہیں ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن لاہور کے ایشو میں بھی مسلم لیگ(ن) کی پنجاب حکومت نے قاتل پولیس افسران اور بیوروکریٹس کو انعامات سے نوازا، انہیں من پسند جگہوں پر تعینات کیا گیا۔ خواجہ عطاء اللہ تونسوی نے کہا کہ پیر حمید الدین سیالوی اپنی بات پر قائم ہیں اور اب ملک بھر کی درگاہوں کی گدی نشین بھی ان کی پیشت پر ہیں،ہمیں ایک استعفیٰ نہ ملا تو ہم 65 ایم این ایز اور 25 ایم پی ایز کے استعفے داغیں گے۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

WordPress Themes