حملہ عمران خان پر نہیں مجھ پر ہوا، کسی وزیر اعلیٰ کو فون نہیں کروں گا، مقدمہ درج کراﺅں گا: علی موسیٰ گیلانی

Published on December 18, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 325)      No Comments

لاہور (یواین پی) سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے علی موسیٰ گیلانی نے عمران خان کے قافلے کے الزامات مسترد کردیے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ عمران خان پر نہیں بلکہ ان پر ہوا ہے، سفید رنگ کی گاڑی سے فائرنگ کی گئی جبکہ قافلے میں شامل آخری گاڑی نے میری گاڑی کو ٹکر ماری۔ علی موسیٰ گیلانی نے واقعے کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا بھی اعلان کردیا۔رات کے پچھلے پہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی جانب سے عائد کیے گئے الزامات مسترد کردیے۔ انہوں نے کہا کہ سینچری مل پر ایلیٹ فورس کی گاڑی عمران خان کے قافلے کے ساتھ تھی، میں نے قافلے کو اوور ٹیک کیا تو پیچھے والی گاڑی نے میری گاڑی کو ٹکر ماری، گاڑی کو ٹکر مارنے والوں نے میرے گارڈز کے ساتھ تلخ کلامی کی، میرے ساتھ 2 سال کی بیٹی تھی میں نے 15 پر اپنے اوپر حملے کی اطلاع دی تھی میں نے سفید رنگ کی گاڑی سے فائرنگ ہوتی دیکھی، عمران خان پورے پروٹوکول کے ساتھ جا رہے تھے۔علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ عمران خان کے قافلے میں شامل گاڑیوں کے گارڈز نے ہوائی فائرنگ کی، پی ٹی آئی کے لوگوں نے سر عام بدمعاشی کی ہے، مجھے روکا گیا اور مارا گیا ،کسی وزیر اعلیٰ کو فون نہیں کروں گا بلکہ قانونی دروازہ کھٹکھٹاﺅں گا ان کے خلاف مقدمہ درج کراﺅں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ ایک گاڑی، ایک ڈرائیور اور دوسرا گن مین تھا، عمران خان کے قافلے میں پورا کانوائے تھا وہ وہاں کیوں نہیں رکے، فائرنگ کا الزام بے بنیاد ہے پولیس پروٹوکول میں جانے والے قافلے پر کیسے فائرنگ کر سکتا ہوں، پولیس سے پوچھنے پر پتہ چلا کہ قافلہ عمران خان کا ہے۔علی موسیٰ گیلانی نے کہا کہ میں نے فائرنگ کی ہے تو اس کی فوٹیج دکھائی جائے میں تو گاڑی چلا رہا تھا ، فائرنگ کہاں سے کرتا۔ ہم لوگ سیاسی خاندان سے ہیں اور تحمل پسند لوگ ہیں میرے والد نے کبھی کسی سے بدتمیزی نہیں کی۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Themes