یوم جمہوریہ سے قبل سرینگر میں گھر گھر تلا شی مہم شروع

Published on January 19, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 592)      No Comments

سرینگر ( یو این پی) مقبوضہ کشمیر میں عوامی مجلس عمل نے کشمیری عوام کو اپنی حق و انصاف پر مبنی جد و جہد سے باز رکھنے کی سرکاری مہم کے تحت سرینگر کے شہر خاص کے علاقوں میں گھر گھر تلاشی ، محاصرے اور لوگوں کو زدوکوب اور ہراساں کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ عوامی مجلس عمل کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں 26 جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی آمد سے قبل ہی جگہ جگہ پر راہ گیروں اور مسافر گاڑیوں کی تلاشی ، مختلف اضلاع کے شہر و گاؤں میں کریک ڈاؤن، گھر گھر تلاشیوں اور گرفتاریوں کے تازہ چکر کی شدید مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ چہارسو خوف و ہراس کا ماحول پیدا کر کے لوگوں کو ہراساں اور زد و کوب کر کے بھارت اور اس کی کٹھ پتلی انتظامیہ کے امن اور جمہوریت کے دعوے بے نقاب ہو گئے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ بھارتی یوم جمہوریہ کی آمد سے قبل ہی پوری وادی کشمیر کو فوجی قلعے میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور بھارتی فورسز گھر گھر تلاشی کے علاوہ راہگیروں اور گاڑیوں کی تلاشیاں لے رہے ہیں اور نوجوانوں کے موبائیل فونز اور لیپ ٹاپس کی بھی چیکنگ کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے شہر خاص کے لاکھوں لوگوں کو بار بار کرفیو، قدغنوں اور بندشوں کی زد میں لانے ،انہیں اقتصادی ،معاشی، تجارتی اور تعلیمی لحاظ سے پیچھے دھکیلنے اور پارٹی کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کو مسلسل گھر میں نظر بند رکھنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری سطح پر ان غیر جمہوری اقدامات اور انتقامی کارروائیوں کا مقصد حریت قیادت اور عوام کو اپنے حق و انصاف پر مبنی منصفانہ جدوجہد سے دست بردار کرانا ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں سے حریت قائدین اور کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جا سکتا اور کشمیری عوام اپنی حق پر مبنی جد و جہد آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ ادھر عوامی مجلس عمل نے پارٹی رہنماء ایڈووکیٹ عبدالرؤف دلال کو ان کی چھٹی برسی پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ اس سلسلے میں خانیار میں ایک تقریب منعقد کی گئی ۔

Readers Comments (0)




WordPress Blog

Premium WordPress Themes