وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام

Published on February 5, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 276)      No Comments

پور ی پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اپنی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے
لاہور (یو این پی)وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 فروری کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا حقیقی موقع فراہم کرتاہے۔ آج کا دن عالمی برادری کو یاد دہانی کراتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے ۔ہم کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے حصول کیلئے دی گئی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔پور ی پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اپنی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار دراصل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی رویوں میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے اور جنوبی ایشیا کے قومی اور انسانی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کاپرامن اورپائیدار حل جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے ضروری ہے۔پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمزپر بھر پور طریقے سے اجاگر کیا ہے ۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زوردیا ہے ۔آئندہ بھی کشمیریوں کے حق کیلئے ملکی اوربین الاقوامی فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم ان کیساتھ کھڑی ہے ۔کشمیری عوام حق خودارادیت کے حصول کیلئے مصائب و آلام برداشت کرتے ہوئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی جبر وتشدوکے ذریعے زیادہ دیر تک کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق سے محروم نہیں رکھ سکتا ۔خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی قابض افواج کی ظلم و زیادتی اور انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف آواز اٹھائی ہے۔آج بھی یوم یکجہتی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج کے جمہوری اور ابلاغ کے دور میں غاصبانہ قبضہ کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت سے محروم رکھنا قابل افسوس ہے۔یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہوئے ہمیں کشمیریوں کو انکے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog