پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے پر ترکی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ،سردار مسعود خان

Published on February 23, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 349)      No Comments

مظفر آباد(یو این پی) صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے ترکی اور پاکستان کے درمیان دوستانہ تعلقات پر ترکی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے اور جموں وکشمیر کے لوگوں کو حق خود ارادیت دئیے جانے کیلئے بین الاقوامی فورمز اور بالخصوص او ۔ آئی۔ سی میں بھر پور حمایت کی۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد جموں وکشمیر نے پاکستان میں ترکی کے نو تعینات شدہ سفیر احسان مصطفی یرداکل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج صدر آزاد کشمیر سے یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ صدر مسعود خان نے ترکی کے سفیر کو نئی تعیناتی پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ ترکی اور پاکستان کے مابین برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ صدر مسعود خان نے ترکی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور اس کا پرامن حل کے سلسلے میں اپنی بھر پور حمایت کی پیش کش کی ہے۔ صدر آزاد جموں وکشمیر نے سال 2005ء کے زلزلے کے بعد ترکی حکومت کی جانب سے آزاد کشمیر میں زلزلہ متاثرین کی بحالی و تعمیر نو میں اپنا بھر پور کلیدی کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ترکی کی جامعات کے ساتھ آزاد کشمیر کے طلباء کے ایکسچینج پروگرام کو بھی سراہا۔ صدر آزاد جموں کشمیر نے ترکی کے سفیر کو دعوت بھی دی کہ وہ آزاد کشمیر یونیورسٹی مظفرآباد میں ترکی زبان کی کلاسز کا بھی افتتاح کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسے ہمارے باہمی ، ثقافتی تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress Themes