گارڈن ٹاﺅن کے علاقے میں چھوٹا تربیتی طیارہ گر کر تباہ

Published on May 8, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 450)      No Comments

لاہور (یواین پی) گارڈن ٹاﺅن کے علاقے میں چھوٹا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ، طیارے میں لگنے والی آگ پر بھی قابو پالیا گیا ہے۔ طیارے میں فنی خرابی کے بعد پائلٹس نے اسے لینڈ کرنے کی کوشش کی اور جس وقت طیارہ زمین کے قریب پہنچا تو دونوں پائلٹس نے طیارے سے چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں ان کی جانیں بچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور کے پرانے ایئر پورٹ (والٹن ایئر پورٹ )سے چھوٹا الٹرالائٹ طیارہ تربیتی پرواز کیلئے روانہ ہوا ۔ طیارہ نچلی پرواز کر رہا تھا اور جیسے ہی کلمہ چوک کے قریب پہنچا تو اس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔ طیارے میں دو پائلٹس ہشام اور فہیم سوار تھے جن کا کہنا ہے کہ طیارے میں جھٹکے لگنا شروع ہوئے تو انہوں نے اسے کسی کھلی جگہ پر لینڈ کرنے کی کوشش کی۔ برکت مارکیٹ کے قریب 2 سے 3 کنال کے رقبے پر مشتمل گھر کا بڑا لان دیکھ کر وہاں طیارے کو اتارنے کی کوشش کی لیکن طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا اور اس میں آگ لگ گئی۔ہشام جو کہ ٹرینڈ پائلٹ ہے کا کہنا ہے کہ جب طیارہ زمین کے قریب پہنچا تو دونوں پائلٹس نے فوری طور پر گھر کے لان میں چھلانگ لگادی جس کے نتیجے میں ٹرینی پائلٹ فہیم معمولی زخمی ہوا جبکہ ہشام خود محفوظ رہا۔دوسری جانب طیارہ گرنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے تھوڑی ہی دیر میں آگ پر قابو پالیا، جبکہ اب طیارے کا ملبہ ہٹانے کا کام کیا جارہا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题