بھارت میں سوشل میڈیا پر چھائی افواہوں نے مزید5 جانیں لے لیں

Published on July 3, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 272)      No Comments

ممبئی (یواین پی) مشتعل ہجوم نے اغواکاروں کے شبہ میں پانچ افراد کو تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔بھارت میں سوشل میڈیا پر پھیلی افواہیں وبال جان بن گئیں، اغواکاروں کے شبہ میں مزید پانچ افراد موت کے گھاٹ اتار دیے گئے۔ واقعہ ریاست مہاراشٹرا میں پیش آیا جہاں بس سے اترنے والے پانچ اجنبیوں کو گاؤں والوں نے اغوا کار سمجھ کر گھیر ے میں لے لیا۔ اجنبیوں نے اپنی صفائی پیش کرنے کی کوشش کی تو مشتعل ہجوم نے انہیں شدید تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس کے پہنچنے تک پانچوں افراد ہلاک ہوچکے تھے۔ میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں سے ایک شخص کو مقامی انتظامیہ نےافواہوں کے خلاف آگاہی پھیلانے کی ذمہ داری سونپی تھی۔یاد رہے کہ کئی ریاستوں میں سوشل میڈیا بالخصوص واٹس ایپ پر ایسی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں کہ بچوں کو اغوا کرنے والا گروہ بھارت میں سرگرم ہوگیا ہے۔ ان ویڈیوز اور پیغامات کے نتیجے میں بھارت کی 10 ریاستوں میں ایسے درجنوں واقعات پیش آچکے ہیں جن میں مقامی لوگوں نے کسی شخص کو اغوا کار سمجھ کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا۔افواہوں اور جھوٹی خبروں کے نتیجے میں ہجوم کے تشدد سے اب تک 14 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں، جو بعدازاں بے گناہ اور بے قصور ثابت ہوئے۔ ان سوشل میڈیا ویڈیوز کی وجہ سے شہریوں میں شدید بے اعتباری اور عدم اعتماد کی کیفیت پائی جاتی ہے جو کسی بھی مشتبہ شخص کو دیکھتے ہی اس کو پکڑ کر مارنا پیٹنا شروع کردیتے ہیں۔بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں تشدد سے ہلاکتوں کی یہ نئی لہر ہے۔ اس سے پہلے مسلمانوں کے خلاف منظم مہم چلی تھی جس کے دوران درجنوں مسلمانوں گائے ذبح کرنے کے شبہ میں تشدد کرکے قتل کردیا گیا تھا۔ یہ کیفیت اور رجحان بھارتی عوام میں عدم برداشت اور سطحی سوچ کی کھلی عکاسی کرتا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress主题