وزیر اعظم عمران خان کا عید الاضحی کے موقع پر قوم کے نام پیغام

Published on August 22, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 163)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی)وزیراعظم عمران خان نے قوم کو عید الا ضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو،سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں ۔ عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ میں عیدالضحیٰ کے پر مسرت موقع پر میں پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول و منظور فرمائے اور انہیں ہمارے لیے اپنی رضا و خوشنودی کے حصول کا ذریعہ بنا دے۔ انہوں نے کہاکہ عید الا ضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی اور حضر ت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی یاد گار ہے۔ آج کے دِن ان عظیم انبیا ئے کرام نے اطاعت اور قربانی کی ایک ایسی لازوال مثال قائم کی جس کی تاقیامت پیروی کی جاتی رہے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے۔ دُنیا میں کوئی بھی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی ہے جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجزن نہ ہو۔ قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد انسان کا اپنے آپ کو مکمل طور پر اپنے رب کریم کے حکم کے تابع کرنا اوراپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے قربان کرنا ہے۔ یہ جذبہ انسان کے اندر ایسی صلاحیت کو اُجاگر کرنے کاباعث بنتا ہے جو اُسے صبر آزما لمحات اور مشکل ترین حالات میں بھی ثابت قدم رکھتا ہے اور راہ راست سے بھٹکنے نہیں دیتا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سنت ابراہیمی کی پیروی کا تقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں۔ ہمیں اپنے تمام تر مفادات، ترجیحات اور تعصبات کو پس پشت رکھتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے ٗ عید الا ضحی کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے ان بہن بھائیوں کا بھی خاص طور پر خیال رکھناچاہیے جو حالات کے جبر کا شکار ہو کر معاشی طور پر پیچھے رہ گئے ہیں۔عید کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں اپنے اردگرد بھی نظر رکھنی ہے تاکہ ہمارا کوئی ہمسایہ اس خوشی سے محروم نہ رہ جائے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے دن ہمیں وطن کے ان معماروں اور محافظوں کو بھی یاد رکھنا ہے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت، تعمیر و ترقی اور سربلندی جیسے عظیم مقصد کے لئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیں عید الا ضحی کی حقیقی خوشیوں سے ہمکنار کرے اور ہماری قربانی کو شرف قبولیت بخشے اور ہمیں اِس عظیم عبادت کو اس کی روح کے مطابق سمجھ کر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ 

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

WordPress Themes