پشاور ٗانسداد پولیو مہم سے ایک بچہ ہمیشہ کی معذوری سے بچ گیا

Published on September 6, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 613)      No Comments


پشاور(یواین پی):صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے چارسدہ میں انسداد پولیو مہم کے باعث ایک بچے کو ہمیشہ کی معذوری سے بچا لیا گیا۔ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبرپختونخوا کے جاری بیان میں تصدیق کی گئی کہ چار سدہ کے علاقے یونین کونسل سرکئی ٹیٹرہ میں ایک پولیو کا کیس سامنے آیا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ پولیو کا کیس ڈیڑھ سالہ بچے ارسلان میں رپورٹ ہوا تھا تاہم خوش قسمتی سے بچے کو انسداد پولیو ویکسین پلائی گئیں تھی جس کی وجہ سے وہ ہمیشہ کی معذوری سے محفوظ رہا۔ایمرجنسی آپریشن سینٹر خیبرپختونخوا کے کوآرڈینیٹر محمد عابد خان وزیر نے ایک اعلامیے میں کہا کہ چارسدہ کے گاؤں تہبانہ میں 19 ماہ کے بچے ارسلان کے پولیو وائرس سے متاثرہ ہونے کی مکمل تحقیق کی گئیں جس کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ پولیو وائرس نے ارسلان پر حملہ کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پولیو وائرس سے بچانے کے لیے بچے کو ویکسین دی گئی تھی جس کی وجہ سے اس میں قوت مدافعت پیدا ہوئی اور وہ معذوری سے نا صرف بچ گیا بلکہ وہ ایک عام بچوں کی طرح معمول کی زندگی گزار رہا ہے۔محمد عابد وزیر نے ارسلان کے والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کیا جس سے ان کے بچے کی زندگی کو ہمیشہ کی معذوری سے بچا لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ مذکورہ خطے میں پولیو وائرس بدستور موجود ہے، جس کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مل کر کوششیں کرنی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اس ضمن میں والدین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے جو پولیو ٹیموں سے تعاون کرکے اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔محمکہ صحت کے حکام کا کہنا تھا کہ صوبے میں 24 ستمبرسے پولیو مہم شروع کی جارہی ہے اور اس مہم کے دوران 57 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Weboy