وزیرِاعظم کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، 8 گھنٹے بریفنگ

Published on September 13, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 315)      No Comments

راولپنڈی: (یواین پی) وزیر<اعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے انہیں سٹریٹجک انٹیلی جنس اور قومی سلامتی کے معاملات پر 8 گھنٹے کی بریفنگ دی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم عمران خان انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈ کوارٹرز پہنچے تو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی نوید مختار نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان نے یادگارِ شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو سٹریٹجک انٹیلی جنس اورنیشنل سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیرِاعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آئی ایس آئی دنیا کی بہترین خفیہ ایجنسی ہے، حکومت اور عوام مسلح افواج اور خفیہ ایجنسیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔اس سے قبل گزشتہ ماہ 30 اگست کو وزیرِاعظم عمران خان نے وفاقی وزراء کے ہمراہ جی ایچ کیو کا بھی دورہ کیا تھا جہاں انہیں 8 طویل بریفنگ دی گئی تھی۔یہ عمران خان کا وزارتِ عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ جی ایچ کیو کا دورہ تھا جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیرِاعظم عمران کو جی ایچ کیو میں اندرونی و بیرونی سیکیورٹی کی صورتحال، پاک فوج کی دہشتگردی کیخلاف جاری کارروائیاں، آپریشن ردالفساد، کراچی کی صورتحال اور خوشحال بلوچستان پروگرام کے بارے میں بریفنگ دی گئی تھی۔وزیرِاعظم عمران خان نے پاکستانی فوج کی آپریشنل تیاریوں، پیشہ وارنہ مہارت اور دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، مشترکہ قومی سوچ اور قوم کی حمایت سے ہم ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پا لیں گے۔وزیرِاعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی پاکستان کا مقدر ہے، ملک بین الاقوامی دنیا میں انشا اللہ مثبت انداز سے ابھرے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان آرمی کی صلاحیتوں اور استعداد کار بڑھانے کے لیے حکومت تمام ذرائع فراہم کرے گی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیرِاعظم عمران خان کے دورے اور فوج پر اعتماد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انشا اللہ پاک فوج قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes