مقبوضہ کشمیر کا دولہا سرحدوں سے بے نیاز اسلام آباد دلہن لینے آگیا

Published on September 28, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 870)      No Comments

اسلام آباد (یواین پی)جب دلوں سے دلوں کا تال میل رب کو منظور ہو تو پھر کوئی جبری تقسیم آڑے نہیں آتی اور نہ ہی سرحدی فاصلے معنی رکھتے ہیں اور نئے رشتوں کی ڈور بندھ ہی جاتی ہے ایسے ہی خوبصورت ملن کی شام سجی اسلام آباد کے ایک نجی شادی ہال میں۔ شادی کی یہ تقریب اس لحاظ سے منفرد تھی کہ دلہا سری نگر سے اپنی دلہنیا کو لینے آیا تھا۔ خواجہ احسان اللہ اس دیس کا باسی ہے جہاں بھارتی افواج اس تاک میں رہتی ہے کہ وہ خوشیوں کو خاک میں ملادے زندگی کی رنگینیوں میں انسانی لہو کا رنگ گھول دے۔تحریک آزادی کشمیر کے نامور مجاہد و متحدہ جہاد کونسل کے بانی سربراہ تنویرالاسلام کی صاحبزادی کہکشاں کی شادی میں شرکاءکی دلچسپی اس لیے بھی کچھ جذباتی سی تھی کہ دلہا ایک شہید کا بیٹا ہے۔سرینگر سے تعلق رکھنے والے خواجہ احسان اللہ بارات لیکر واہگہ بارڈر کے ذریعے اسلام آباد پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ،بارات کے ساتھ آنے والے افراد کیلئے میزبانوں نے ان کے شایان شان رہائش اور طعام و قیام کا بندوبست بھی کر رکھا تھا۔ولیمہ کی تقریب میں وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان سمیت قائم مقام صدر آزادکشمیر شاہ غلام قادر، سینیٹر ساجد میراور ممتاز صحافی و ٹی وی اینکر حامد میرو دیگر اہم شخصیات نے ان لمحات کو مزید یادگار بنایا۔وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کشمیری مجاہد و سابق چیئرمین متحدہ جہاد کونسل تنویر الاسلام کی بیٹی کی ولیمہ تقریب میں سٹیٹ ویوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منقسم کشمیریوں کو لائن آف کنٹرول سے یا خاردار تاریں لگا کر ایک دوسرے سے جدا نہیں کیا جا سکتا۔میری والدہ اور خالہ کشمیری تھیں جبکہ میرے والد اور خالو یہاں کے تھے اس لیے مجھے جبری تقسیم کے ان رشتوں کا شدت سے احساس ہے، آج یہاں ہماری ایک بیٹی کی سرینگر میں شادی ہونا اس بات کا مظہر ہے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت کشمیریوں کو ایک دوسرے سے جدا نہیں کر سکتی۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ کشمیری ہر محاذ پر پاکستان کی بقا کی جنگ لڑتے آ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔مقبوضہ کشمیر کے اندر ہماری مائیں ، بہنیں اور بیٹیاں ہر روز قربانیاں دے رہی ہیں ان سب کی ہمت و حوصلے کو سلام پیش کرتا ہوں۔وزیر اعظم نے دولہا اور دولہن کو نئی زندگی کی شروعات کرنے پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی دی۔جموں کشمیر کے منقسم علاقوں کے خاندانوں کوشادی کے ذریعے پھر سے جوڑنے والی اس منفرد شادی تقریب میں سابق وزیر اعظم و صدر آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق خان ، ممبر آزادکشمیر اسمبلی و سربراہ جموں کشمیر پیپلز پارٹی سردار خالد ابراہیم خان ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیرچوہدری لطیف اکبر، ”حرکت المجاہدین” کے بانی اور سیاسی جماعت ”انصارالامہ” کے سربراہ مولانا فضل الرحمان خلیل ،سابق وزیر و سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر خواجہ فاروق احمد،سابق وزیر حکومت و رہنما پیپلز پارٹی مطلوب انقلابی، سابق وزیر و سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی فیصل ممتاز راٹھور،سابق چیئرمین زکوة و سابق امیدوار اسمبلی خواجہ طارق سعید،تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین عبداللہ گل خاص طور پر شریک ہوئے۔شادی کی اس منفرد تقریب میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما غلام محمد صفی، سید یوسف نسیم ،الطاف احمد بٹ، نائب امیر جمعیت اہل حدیث پاکستان علی ابو تراب، سیکرٹری جنرل جمعیت اہل حدیث پاکستان میاں محمد جمیل ،سابق چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر آزادجموں کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر کلیم عباسی، سدھن ایجوکیشن کانفرنس آزادکشمیر کے خواتین ونگ کی چیئرپرسن خدیجہ زرین، برگیڈئیر (ر) سردار زرین خان ،جموں کشمیر پیپلز پارٹی کی سابق سیکرٹری جنرل نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان رفیق ڈار، سابق سیکرٹری حکومت خواجہ سلیم بسمل، سابق سیکرٹری حکومت محمد اکرم سہیل، ممتاز صحافی و ٹی اینکر حامد میر، معروف تجزیہ کار و کالم نویس ارشاد محمود، ایڈیٹر سٹیٹ ویوز سید خالد گردیزی،کنٹرولر سٹیٹ ویوز کاشف میر، مقبوضہ کشمیر سے آئے معروف صحافی ریاض احمد، دانش ارشاد، شیراز راٹھور، عامر گردیزی ، جاوید اقبال سمیت دیگر اہم حکومتی، سیاسی ، سماجی، عسکری ، صحافتی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Themes

Free WordPress Theme