فیصل آباد (یو این پی)ڈائریکٹر زراعت چوہدری عبدالحمید نے پھل کی مکھی سے تحفظ کے لئے انسدادی اقدامات اپنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا کہ پھل کی مکھی کے حملہ کے باعث پھلوں کا معیار اور برآمدات متاثر ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ مادہ مکھی پھل کے اندرڈنگ کے ذریعے انڈے دیتی ہے جن سے نکلنے والی چھوٹی سنڈیاں پھل کو اندر سے نقصان پہنچاتی ہیں اور پھل کا معیار بری طرح متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ باغبان نرمکھی کے تدارک کے لئے میتھائل یو جینال کے 6 جنسی پھندے فی ایکڑ لگائیں اور یہ عمل ہر 15 دن کے وقفہ سے دہرائیں۔انہوں نے کہا کہ باغات میں گرے ہوئے خراب پھل اکٹھے کرکے باغ سے باہر زمین میں گہرا گڑھا کھود کر دبادیں۔مکھی کے کنٹرول کے لئے اس کے دیگر میزبان پودوں،نرسریوں اور جڑی بوٹیوں پر بھی پھل کی مکھی کا تدارک یقینی بنائیں۔