باغات میں پودوں کے تنے کے گرد پرانی بوری لپیٹ کرسردی کااثر کم کیاجاسکتاہے،چوہدری عبدالحمید

Published on January 3, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 142)      No Comments

فیصل آباد (یو این پی)ڈویژنل ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے سردی اورکورے کے نقصان دہ اثرات سے بچاؤ کیلئے باغبانوں کو پودوں کے تنوں پرچونے اور نیلے تھوتھے کے محلول سے فوری سفیدی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ باغات میں پودوں کے تنے کے گرد پرانی بوری یاپرالی لپیٹ کر بھی سردی کااثر کم کیاجاسکتاہے۔انہوں نےکہا کہ موسم سرما میں کیڑے اور بیماریاں پھلوں کے پودوں کو کمزور کردیتی ہیں اسلئے ان کا بروقت تدارک ضروری ہے تاکہ پودے تندرست و توانا رہ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کہر کی متوقع راتوں میں آبپاشی کی جائے کیونکہ اس سے زمین کے درجہ حرارت میں خاطرخواہ کمی نہیں ہوتی اور پودوں کے خلیوں میں پانی کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ باغات میں مختلف جگہوں پر گڑھے کھود کر ان میں پتے، گھاس پھوس،بھوسہ یا پرالی جلا کر دھواں دینے سے بھی کورے کے اثر کو کم کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسری میں نازک پودے سخت سردی سے بری طرح متاثر ہوتے ہیں اسلئے اگر مناسب احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی جائیں تو یہ پودے مر جاتے ہیں لہٰذا ان کو سرکنڈے یا پرالی سے اچھی طرح ڈھانپنا ضروری ہے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes