عمران خان کے آنکھوں کی سنگین بیماری میں مبتلا ہونے کے انکشاف پر شوکت خانم ہسپتال کا ردعمل

Published on January 28, 2026 by    ·(TOTAL VIEWS 73)      No Comments

شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو فوری طور پر عمران خان تک رسائی دینے اور علاج میں شامل ہونے کی اجازت دینے کامطالبہ کر دیا گیا
لاہور(یو این پی)آنکھوں کی سنگین بیماری،شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو فوری طور پر عمران خان تک رسائی دینے اور علاج میں شامل ہونے کی اجازت دینے کامطالبہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عمران خان کے آنکھوں کی سنگین بیماری میں مبتلا ہونے کے انکشاف پر شوکت خانم ہسپتال کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ شوکت خانم ہسپتال کے فیس بک پیج سے جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ” گزشتہ رات سے متعدد خبریں گردش میں ہیں جن میں بتایا جا رہا ہے کہ جناب عمران خان آنکھوں کی ایک سنگین بیماری (central retinal vein occlusion) میں مبتلا ہیں۔اس کی وجوہات صحت کےکئی دیگر مسائل سے منسلک ہو سکتی ہیں۔ اگرچہ ہمارے لیے اس خبر کی آزادانہ طور پر تصدیق کرنا ناممکن ہے، تاہم اس وقت ہمیں جناب عمران خان کی صحت کے بارے میں شدید تشویش لاحق ہے۔اگرچہ ہمیں ان معالجین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مہارت پر مکمل اعتماد ہے جو اس وقت ان کی دیکھ بھال کر رہے ہیں، اس کے باوجود ہم درخواست کرتے ہیں کہ شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو فوری طور پر خان صاحب تک رسائی دی جائے اور ان کے علاج میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے، تاکہ ان تمام لوگوں کو مطمئن کیا جا سکے جو ان کی صحت کے بارے میں تشویش رکھتے ہیں ۔” دوسری جانب پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی عمران خان کی آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج کے باعث بینائی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔پی ٹی آئی کے مطابق عمران خان کی دائیں آنکھ میں سی آر وی او کی تشخیص ہوئی ہے جس کے باعث آنکھ کی وین میں خطرناک بلاکیج پیدا ہو چکی ہے۔پی ٹی آئی نے بتایا کہ ڈاکٹرز کے مطابق یہ سنگین طبی مسئلہ ہے ،اس کے نتیجے میں بینائی شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔پی ٹی آئی نے الزام عائد کیا ہے کہ جیل انتظامیہ علاج جیل کے اندر کرانے پر بضد ہے، جبکہ ڈاکٹرز نے واضح طور پر اسے ناممکن قرار دیا ہے کیونکہ سی آر وی او کے علاج کیلئے آپریشن تھیٹر اور خصوصی طبی سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے، جو جیل کے اندر ممکن نہیں۔پارٹی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے باوجود ذاتی معالج کو بانی پی ٹی آئی کے معائنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔تحریک انصاف کے مطابق عمران خان کے میڈیکل چیک اپ کی درخواست اگست 2025ء سے زیر التوا ہے۔پارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان کی فیملی اور رفقا سے فوری ملاقات کرائی جائے اور انہیں مناسب اور فوری طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress Blog