گذشتہ 12 ماہ میں کم از کم 4 ٹیسٹ، 6 ون ڈے، یا 6 ٹی ٹونٹی کھیلنے والا کنٹریکٹ کا اہل ہوگا
لاہور (یو این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی 2026ء سے 30 جون 2027ء تک نافذ العمل ہوگا۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے وہ کھلاڑی اہل ہوں گے جنہوں نے گزشتہ 12 ماہ کے دوران کم از کم 4 ٹیسٹ، 6 ون ڈے یا 6 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہوں۔ نئے نظام کے تحت کھلاڑیوں کو مختلف ٹریکس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ٹریک اے میں شامل ٹاپ ٹیسٹ اسپیشلسٹ کو ماہانہ 40 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا جب کہ ٹریک اے بی میں ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ کے ٹاپ پلیئرز کو ماہانہ 48 لاکھ روپے ملیں گے۔ اسی طرح ٹریک بی سی میں شامل وائٹ بال اسپیشلسٹ کے ٹاپ کھلاڑیوں کو ماہانہ 34 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے جب کہ ٹریک سی میں شامل ٹی ٹونٹی اسپیشلسٹ کا ماہانہ معاوضہ 26 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔ٹریک سی میں شامل ٹی ٹونٹی سپیشلسٹ کھلاڑیوں کو دنیا بھر میں لاتعداد ٹی ٹونٹی لیگز کھیلنے کی اجازت بھی ہوگی۔ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے بھی خصوصی گنجائش رکھی گئی ہے۔ ٹریک ڈی میں شامل ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو ماہانہ 10 لاکھ روپے وظیفہ دیا جائے گا۔ میچ فیس کے حوالے سے بھی نئے نرخ مقرر کیے گئے ہیں، جن کے تحت ٹیسٹ میچ کی فیس 15 لاکھ روپے، ون ڈے انٹرنیشنل کی فیس 7 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کی فیس 5 لاکھ روپے ہوگی۔
پی سی بی کا نیا سینٹرل کنٹریکٹ یکم جولائی سے 30 جون 2027ء تک نافذ ہوگا، کرکٹ ویب سائٹ کا دعویٰ