پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں شکست، انگلینڈ نے سیریز جیت لی

Published on August 31, 2016 by    ·(TOTAL VIEWS 485)      No Comments

6
ناٹنگھم(یواین پی)انگلینڈ کا چارسوپینتالیس رنز کا ہدف دیکھ کر قومی بلے بازوں کے ہاتھ پاوں پھول گئے۔ کرس ووکس نے سمیع اسلم کو آٹھ اور اظہر علی کو تیرہ کے انفرادی سکور پر پویلین روانہ کر دیا۔ اٹھاون رنز بنانے والے شرجیل خان کے آوٹ ہونے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسہ جاری رہا۔ بابر اعظم نے آٹھ اور شعیب ملک نے ایک رن بنا کر ہتھیار ڈالے۔ محمد عامر نے آخری نمبر پر ففٹی بناکر ون ڈے کی بڑی شکست سے بچایا۔ پاکستان کی پوری ٹیم بیالیس اعشاریہ چار اوورز میں دو سو پچھہتر رنز پر ڈھیر ہوئی۔ اس سے پہلے انگلش بلے بازوں نے پاکستانی بولرز کے بخیے ادھیڑ دیے۔ ایلکس ہیلز نے ایک سواکہتر رنز کی کیرئیر بیسٹ اننگز میں بائیس زوردار چوکے اور چار فلک بوس چھکے لگائے۔ جوروٹ نے لگاتار پانچویں ون ڈے میچ میں ففٹی بنائی۔ جوزبٹلر قومی بولرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین نے نوے رنز کی طوفانی اننگز میں سات چھکے اور سات چوکے جڑے۔ کپتان این مورگن نے بھی رنز کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے اور ستاون رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ انگلش بلے بازوں نے سولہ چھکے اور تینتالیس چوکے لگائے۔ میزبان ٹیم نے تین وکٹ پر ون ڈے کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ چار سو چوالیس رنز ترتیب دیا۔ ایک سواکہتر رنز کی کیرئیر بیسٹ اننگز کھیلنے والے ایلکس ہیلز مین آف دی میچ ایوارڈ لے اڑے۔

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Blog