سعودی بچی نے دُنیا کی کم عمر ترین ناول نگار ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا

Published on May 18, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 162)      No Comments


ریتاج الحازمی نے صرف 11 سال کی عمر میں دو انگریز ی ناول لکھ لیے ہیں، اب تیسرا لکھنے کی تیاری میں ہے
ریاض (یواین پی)سعودی عرب کی ننھی بچی نے دُنیا بھر میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں سے دھوم مچا دی ہے۔ ریتاج کا نام دنیا کی کم عمر ترین ناول نگار کے طور پر گینز بک آف ریکارڈز میں درج کر لیا گیا ہے۔ 11 برس کی عمر میں ریتاج کے دو ناول شائع ہو چکے تھے۔ اس نے رواں سال اپنا تیسرا ناول بھی شائع کرایا ہے۔ اس وقت وہ دو ناول لکھنے پر کام کر رہی ہے۔ان میں ایک ناول بچوں کے لیے مخصوص ہے۔سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن بن عبداللہ بن فرحان آل سعود نے ٹویٹر کے ذریعے سعودی عرب کی 13 سالہ بچی ریتاج الحازمی کو مبارک باد دی ہے۔العربیہ نیوز کے مطابق ریتاج الحازمی کا پہلا ناول 2019ء میں”Treasure of the Lost Sea” (گم شدہ سمندر کا خزانہ) کے عنوان سے شائع ہوا۔ اس وقت ریتاج کی عمر صرف 11 سال تھی۔اسی سال اس کا دوسرا ناول”Portal Af di Hidden World” شائع ہوا۔اس نے ناول کے فنون سکھانے کے لیے ایک ورکشاپ بھی قائم کی۔ ریتاج الحازمی نے بتایا کہ “میں نے چھ سال کی عمر میں لکھنا شروع کر دیا تھا۔ میں اپنے گھر والوں کے ساتھ بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے گئی۔ میں نے اسکول کے پہلے سال داخلہ لیا تو میری ایک استانی نے مجھ سے ان مقامات کے بارے میں لکھنے کو کہا جن کی میں اپنے خاندان کے ساتھ سیر کر چکی تھی۔میں نے اس عرصے میں بہت سے پروگراموں اور سرگرمیوں میں شمولیت اختیار کی۔ گھر کے قریب موجود ایک لائبریری سے فائدہ اٹھایا۔ سات سال کی عمر میں ہماری سعودی عرب واپسی کے بعد میں نے کتب خانے جانا شروع کر دیا۔ میں نے آٹھ سال کی عمر میں صرف مختصر کہانیاں لکھنا شروع کیں۔ مختصر کہانیاں لکھنا مجھے پسند تھا۔ ایک دن جب میں کچھ کتابیں خریدنے کے لیے بازار گئی تو میرے والد نے مجھ سے پوچھا کہ کیا آپ چاہتی ہیں کہ ان کتابوں میں آپ کی کتاب بھی شامل ہو؟ یہ محض ایک خیال تھا اور تھوڑی ہی مدت میں میں نے تحریری دنیا میں قدم رکھ دیا تھا۔گرمیوں کے ایک سیزن میں میں نے 50 کتابیں پڑھ ڈالیں جس کے بعد میرے لکھنے کی صلاحیت اور بہتر ہوگئی”۔اپنے ناولوں کے مضامین کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے ریتاج نے کہا کہ گمشدہ سمندر اس کا پہلا ناول ہے اور اس میں ایک ایسے بھائی اور بہن کی کہانی سنائی گئی ہے جو ایک ویران جزیرے پر ایک غریب کنبے کے ساتھ رہتے ہیں۔ ان کی زندگی ایک ایسے نقشے کی وجہ سے تبدیل ہوگئی ہے جو سمندر میں پایا گیا تھا۔دوسرے حصے میں اس خاندان کاآغاز ہوا۔ خوشی سے بھری ایک خوب صورت زندگی ، لیکن برے لوگوں کا ایک گروپ نقشہ کی وجہ سے ان کو نشانہ بنا رہا ہے۔ تیسرے حصے میں بہن بھائیوں کے مستقبل اور ان کے دریافت کیے جانے کی کہانی بیان کی گئی ہے۔ریتاج کہتی ہیں کہ گینز بک آف ریکارڈز میں شامل ہونے والی پہلی سعودی بچی ہونے پر مجھے فخر محسوس ہو رہا ہے۔ریتاج نے اپنی گفتگو کے اختتام پر کہا کہ”اس خوشی کے موقع پر میں اپنا یہ اعزاز خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو بطور ہدیہ پیش کرنا چاہتی ہوں … اسی طرح میں وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان کی مستقل سپورٹ اور حوصلہ افزائی پر ان کی تہہِ دل سے شکر گزار ہوں۔“

Readers Comments (0)




Weboy

WordPress Themes