دہشت گردی کا خاتمہ اور کراچی سے بوری بند لاشوں کوختم کیا، شہبازشریف

Published on August 29, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 99)      No Comments

کراچی (یواین پی)پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ اور کراچی سے بوری بند لاشوں کو ختم کیا، کراچی سے بھتے اور پرچی کا خاتمہ کرکے ملک کی معاشی شہ رگ کو امن کا تحفہ دیا۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کی بے مثال خدمت کی، معیشت کو سنوارا، تاریخی ترقیاتی منصوبے لگائے، ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے اربوں ڈالرز کے منصوبے لگائے، قوم کے اربوں روپے بچائے، سی پیک اور پاکستان کے محدود وسائل سے منصوبے لگائے، اللّٰہ کے کرم سے ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہ ہوسکی۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آج خود احتسابی کی ضرورت ہے کہ پاکستان کیوں ہمسایہ ممالک سے بھی پیچھے رہ گیا، خود احتسابی نہ کی تو 700 سال اور بھی گزر گئے تو صورتحال جوں کی توں رہے گی، آج بھی ہم اپنے ساتھ اور قوم سے وعدہ کریں تو ملک کی حالت بدل سکتے ہیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا، ورنہ آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں 5000 میگاواٹ ایل این جی کی بنیاد پر 1200، 1200 میگاواٹ کے 4 پلانٹ لگائے، یہ سستے ترین اور دنیا کی تاریخ میں تیز ترین رفتار سے مکمل ہونے والے منصوبے تھے، بجلی کی فراہمی سے کاروبار چلا، لوگ برسر روزگار ہونا شروع ہوئے، برآمدات شروع ہوئیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ہم ان مشکل ترین مسائل کا سامنا کرنے میں کامیاب ہوئے، یہ کوئی معمولی کامیابی نہ تھی، ہم نے دن رات کام کیا۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہم پہلے پاکستانی ہیں اور پھر ہماری دیگر شناخت ہیں، پاکستان آگے چلے گا تو چاروں صوبے بھی آگے چلیں گے، ترقی کریں گے، قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں نے وطن کے لئےقربانیاں دی ہیں، ہمیں ان کے خوابوں کو تعبیر دینا ہے۔

Readers Comments (0)




Free WordPress Theme

WordPress Themes