طلباءکی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے تمام وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں ڈاکٹر اقرار احمد

Published on October 29, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 93)      No Comments

زرعی ماہرین اور سائنسدانوں کو کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے مقامی حل کے لئے تمام کاوشیں بروئے کار لائیں
فیصل آباد (یو این پی)زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا ہے کہ طلباءکی خداداد صلاحیتوں کو نکھارنے اور جدید علوم سے روشناس کروانے کے لئے تمام وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ دورحاضر کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلیہ زراعت کے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ماہرین اور سائنسدانوں کو کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے مقامی حل کے لئے تمام کاوشیں بروئے کار لائیں جس سے ملک میں فوڈ سکیورٹی اور زرعی خوشحالی کو یقینی بناتے ہوئے تخفیف غربت کی جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدانوں کو اپنی سفارشات، جدید زرعی رحجانات اور ٹیکنالوجی سے کسانوں کو متعارف کرانے کے لئے ان کی دہلیز پر معلومات پہنچانے کے لئے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں مختلف اجناس کے بارے ورکنگ تحقیقاتی گروپس تشکیل دیئے جا رہے ہیں جس سے مختلف شعبہ جات باہمی کاوشیں بروئے کار لاتے ہوئے ٹھوس حکمت عملی اور تحقیقات پیش کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیقات کو لائبریری کی زینت بنانے کی بجائے کسانوں اور انڈسٹری کے لئے ٹیکنالوجی کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ تعلیم پر مبنی زرعی معیشت کی بنیاد رکھی جا سکے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اس مقدس پیشے سے وابستہ ہونے کی وجہ سے اپنے فرائض منصبی پوری ایمانداری کے ساتھ سرانجام دیتے ہوئے تربیت یافتہ اور اخلاقیات سے بھرپور افرادی قوت پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ 30۔اکتوبر کو زرعی یونیورسٹی میں گندم کے حوالے سے کسان کنونشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں ڈین کلیہ زراعت ڈاکٹر امان اللہ ملک نے کہا کہ اساتذہ کی مہارتوں اور دفتری امور میں بہتری لانے کے لئے بہترین نظام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ وہ احسن انداز سے اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباءکو فیلڈ میں لے کر جائیں کتابی علم کے ساتھ ساتھ فیلڈ میں بھی ہونے والے عوامل سے آشنا ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی سائنسدان بین الاقوامی معیارات اور جدتوں سے ہم آہنگ زراعت کو فروغ دے کر ملک کو درپیش معاشی مسائل پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے تقدس اور برصغیر کی پہلی زرعی دانش گاہ کا اعزاز حاصل ہونے والے وقار کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کے لئے کیمپس کمیونٹی کو دن رات محنت کرنا ہو گی۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Weboy