چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے سے مستعفی ہوں، ان کی نگرانی میں صاف شفاف الیکشن کی توقع نہیں رکھی جاسکتی
لاہور(یو این پی) مسلم لیگ ق کے صبائی جنرل سیکریٹری اور سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ چوہدری پرویز الہی کے دور حکومت میں عوام کو حقوق ملیں گے اور صوبہ ترقی کرے گا ۔پنجاب میں دو نمبری کر کے بنایا گیا وزیراعلی فارغ کر دیا گیا ہے۔کپتان کا نامزد کردہ امیدوار چوہدری پرویز الہٰی بھاری اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہوا۔جسے حلف اٹھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور توقع ہے کہ دو ماہ قبل پر امن عوام پر ظلم کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکمران جتھوں کی صورت میں ہر چوک چوراہے پر نون لیگ کی سیاسی موت پر چیخ و پکار کرتے رہے لیکن عوام اس تعفن زدہ مبینہ لاش پر تعزیت کرنے بھی نہیں نکلے کیونکہ با شعور عوام کرپٹ ٹولے کو مسترد کر چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صاف شفاف انتخابات ہی ملکی مسائل کا حل ہے۔انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کی جانب داری پر سوال اٹھا چکی ہے اس لیے چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں انہوں نے ہر ضمنی انتخاب میں نون لیگ سے خصوصی محبت کا کھلا ثبوت دیا ہے ان کی نگرانی میں صاف شفاف الیکشن کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔