سبزی خور افراد میں ہڈی ٹوٹنے کے خطرات50 فی صد زیادہ ہوتے ہیں

Published on August 6, 2023 by    ·(TOTAL VIEWS 126)      No Comments

لیڈز(یواین پی)ایک نئی تحقیق کے مطابق وہ خواتین و حضرات جو سبزی پر مشتمل غذا پر انحصار کرتے ہیں ان میں ہڈی ٹوٹنے کے خطرات 50 فی صد زیادہ ہوتے ہیں۔لِیڈز یونیورسٹی میں کی جانے والی تحقیق میں محققین نے مردوں اور عورتوں سمیت 4 لاکھ 13 ہزار 914 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا اور پہلی بار شواہد پیش کیے کہ سبزی خور مردوں کو گوشت خور مردوں کی نسبت کولہے کی ہڈی فریکچر ہونے کے اضافی خطرات کا سامنا ہوتا ہے۔جرنل بائیو میڈ سینٹرل میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ سبزی خوروں میں گوشت خوروں کی نسبت کولہے کی ہڈی فریکچر ہونے کی شرح 50 فی صد زیادہ ہوتی ہے۔ جس کا مطلب ہے کہ 10 سال سے زائد کے عرصے میں ہر 1000 افراد میں تین اضافی کولہے کے فریکچر کے معاملات پیش آئی گے۔محققین کی ٹیم نے اس شرح کا تخمینہ حقیقی دنیا کے کیسز کے حساب سے بھی پیش کیا۔ٹیم کے مطابق باقاعدگی کے ساتھ گوشت کھانے والے (ہفتے میں پانچ یا زیادہ بار گوشت کھانے والے) اوسطاً 6.5 افراد اور مخصوص مواقع پر گوشت کھانے والے (ہفتے میں پانچ بار سے کم گوشت کھانے والے) اوسطاً 6.5 افراد کو کولہے کے فریکچر کا سامنا کرنا پڑے گا جبکہ ایسے افراد جو مچھلی تو کھاتے ہیں پر گوشت نہیں ان میں 7 کیسز اور وہ افراد جو دودھ سے بنی غذا کھاتے ہیں لیکن مچھلی یا گوشت نہیں کھاتے ان میں یہ کیسز بڑھ کر 9.5 تک ہو جائیں گے۔تحقیق کی سربراہی کرنے والے جیمز ویبسٹر کے مطابق کولہوں کا فریکچر بوڑھے ہوتے معاشرے میں ایک ابھرتا ہوا مسئلہ ہے۔ باڈی ماس انڈیکس (بی ایم آئی) کا کم ہونا کولہا فریکچر ہونے کے خطرات میں اضافے کی اہم وجہ ہوسکتی ہے۔مزید یہ کہ سبزی خور افراد گوشت خور افراد کی نسبت تجویز کردہ پروٹین کی مقدار سے 17 فی صد کم پروٹین حاصل کر پاتے ہیں۔محققین کا کہنا تھا کہ تحقیق سے سبزی خور افراد کے لیے یہ پیغام سامنے آتا ہے کہ انہیں اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ مطلوبہ پروٹین کے ساتھ متوازن غذا لے رہے ہوں اور صحت مند بی ایم آئی کو برقرار رکھیں۔ یہ چیز ان افراد کی ہڈیوں اور پٹھوں کو صحت مند رکھنے میں مدد دے گی۔نیوٹریشنل ایپیڈیمیولوجی گروپ کی سربراہ پروفیسر جینٹ کیڈ کے مطابق اگرچہ سبزیوں پر مشتمل غذا صحت کے لیے مفید ہوتی ہے، لیکن غذا کے معیار کی سمجھ اور اہم اجزاء کا توازن مستقبل میں ہڈیوں کی صحت کو بہتر کرنے اور خطرات کو کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog