بزدلانہ حملے قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کو آخری حد تک جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے،سابق صدر
اسلام آباد(یو این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے کرنل شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش حملے کی سخت ترین مذمت کی ہے جس میں شجاع خانزادہ سمیت ایک درجن سے زائد افراد شہید ہوگئے۔ اپنے ایک تعزیتی بیان میں سابق صدر نے کہا کہ اس بزدلانہ اور بہیمانہ حملے کی مذمت کے لئے کوئی بھی الفاظ کافی نہیں۔ یہ حملہ دم توڑتے ہوئے عسکریت پسندوں کی جانب سے حملہ ہے اور ایسے بزدلانہ حملے قوم کو دہشت گردی کے خلاف جنگ کو آخری حد تک جاری رکھنے سے نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے حملے نے قوم کا عزم مزید مستحکم کر دیا ہے کہ قوم عسکریت پسندی اور انتہا پسندی کو شکست فاش دے گی۔ آصف علی زرداری نے شہیدوں کے اعلیٰ درجات اور غم زدہ خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔