سانحہ راولپنڈی پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے خلاف گہری سازش ہے۔علماء اکرام

Published on November 21, 2013 by    ·(TOTAL VIEWS 265)      No Comments

\"photo
مصطفی آباد/للیانی(یواین پی)سانحہ راولپنڈی پاکستان کی سلامتی اور خود مختاری کے خلاف گہری سازش ہے۔علماء اکرام،مشائخ عظام اور پاکستان میں رہنے والا ہر محب وطن شہری اسلام اور ملک دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔تاکہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کے ساتھ ساتھ ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکے۔شر پسند اسلام اور پاکستان کے غدار ہیں ان کے عزائم کو کسی بھی صورت پروان نہیں چڑھنے دیں گے۔وقت آگیا ہے کہ حکومت پاکستان بھی پر اسرار خاموشی کو ترک کرکے امن و امان کے قیام اور پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے لئے اقدامات کرے ۔ان خیالات کا اظہار ملک میں جاری دہشت گردی،بدامنی،فرقہ واریت کی لہر کے حوالے سے خطیب پاکستان سید خضر الحسن شاہ،مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی نعیم صفدر انصاری،خادم آستانہ عالیہ خواجہ دائم الحضوری قصوری پیر سید محمد اسلم شاہ بخاری،مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجمن طلباء اسلام محمد تنویر شاہد،سربراہ مصطفائی تحریک پاکستان پروفیسر پیر ڈاکٹر یوسف آرائیں،معروف عالم دین مولانا محمد الیاس قادری المعروف باباجی سرکار،صدر تحریک تحفظ ناموس رسالت محمد انعام اللہ نوری مصطفی آباد میں صحافیوں کی طرف سے کئے گئے ایک سروے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔مسلم لیگ ن کے ایم پی اے حاجی نعیم صفدر انصاری نے کہا کہ دہشت گردی اور بد امنی جیسے مسائل ہمیں ورثے میں ملے ہیں تاہم وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی قیادت میں انہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔خطیب پاکستان معروف مذہبی سکالر سید خضر الحسن شاہ نے کہا کہ طالبان مائنڈ دینی جماعتیں ملک میں افراتفری،مذہبی کشیدگی پیدا کرکے اسلام دشمن طاقتوں کیلئے کام کر رہی ہیں۔اگر ان کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو آنے والے دنوں میں ہمیں مزید کشیدہ حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات انجمن طلباء اسلام پاکستان محمد تنویر شاہد نے کہا کہ انڈیا ،اسرائیل،امریکہ کی پیداوار پاکستان کی بقاء اور سلامتی کے ساتھ کھیلنے میں مصروف ہے ۔اے ٹی آئی کے کارکنان وطن عزیز کے دفاء اور تعلیمی اداروں کی بقاء کے لئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔خادم آستانہ عالیہ خواجہ دائم الحضوری قصوری پیر سید محمد اسلم شاہ بخاری نے کہا کہ اولیاء اکرام کے فیضان سے پاکستان قائم ہے ۔اب کشیدہ صورتحال میں تمام علماء اور مشائخ عظام کو نفرتیں ختم کروا کر پاکستان کی سا لمیت کے لئے کام کرنا چاہیے تاکہ اسلام کے نام پر حاصل کیا جانے والا ملک تا قیامت قائم و دائم رہے۔مصطفائی تحریک کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر محمد یوسف آرائیں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک میں جاری کشیدگی کی لہر کے خاتمے اور لائحہ عمل کے لئے تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرکے سب سے پہلے پاکستان کے ایجنڈے پر کام کیا جائے ۔وزیر اعظم اپنے دوروں کو چھوڑ کر وطن عزیز کی فکر کریں۔معروف عالم دین ،صدر علماء کونسل مولانا محمد الیاس قادری المعروف بابا جی سرکار نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ اپنے اور پرائے کی پہچان کی جائے سر پسند عناصر جس جماعت اور گروہ کے ساتھ ہیں انہیں بے نقاب کرکے قانون کی گرفت میں دیا جائے تاکہ عوام سکھ کا سانس لیں۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Weboy