اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے جو پانامہ سے چل کر یہاں آئی؛ آصف علی زرداری

Published on December 11, 2017 by    ·(TOTAL VIEWS 274)      No Comments

عمرکوٹ(یو این پی)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے جو پانامہ سے چل کر یہاں آئی، میاں صاحب نے خود پاکستان کو مسائل میں پھنسایا ہے، جعلی خان بھی ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتے، نئے پاکستان کی بات کرنے والوں کو یہ پتہ نہیں کہ ملک کیسے بنتا ہے۔ عمر کوٹ میں جلسے کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی یہ بات کرتے ہیں اور بڑا کریڈٹ لیتے ہیں، جس کا ان کو بڑا مان ہے، پیپلز پارٹی کی جانب سے گوادر پورٹ کو ترقی دینے سے پہلے کسی کو خیال نہیں تھا لیکن جب ہم نے بنایا تو ہر کوئی کہتا ہے کہ یہ گیم چینجر ہے، لیکن جو پلانٹ ایک روپے میں لگ سکتا تھا انہوں نے دس روپے میں لگایا۔ انہوں نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ انسانیت کی خدمت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بی بی شہید بے نظیر بھٹو کی فلاسفی تھی جس پر پیپلز پارٹی اب بھی کاربند ہے، ہماری حکومت کے پہلے سال ملک میں گندم نہیں تھی لیکن دوسرے سال اتنی گندم ہوئی کہ اب بھی گودام بھرے پڑے ہیں۔ عمر کوٹ کے لوگوں سے وعدہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم سب کام کرنا چاہتے ہیں، پانی اور سڑکیں سب کچھ دیں گے لیکن آہستہ آہستہ تاہم ایک بات اٹل ہے کہ ہم جب بات کرتے ہیں تو پیچھے نہیں ہٹتے۔ قبل ازیں آصف علی زرداری نے ایک ولیمہ کی تقریب میں شرکت کے دوران صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اپنی دھرتی سے بہت پیار کرتا ہوں اس لیے بیٹی کا نام بھی بختاور رکھا ہے پیپلز پارٹی شہیدوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو جب جئے بھٹو کا نعرہ سنتی تھی تو پہلے غمگین ہوتی اور پھر خوش ہو جاتی تھی اگر آج ہم زندہ ہیں تو بی بی کا نعرہ لگا رہے ہیں خوشی کا موقع ہے لیکن ہر موقع پر شہیدوں کی قربانیاں یاد رہتی ہیں۔

 

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Free WordPress Themes