ملک بھر میں میلاد النبی ﷺ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا

Published on November 22, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 264)      No Comments

لاہور: (یواین پی) ملک بھر میں جشن ولادت رسول ﷺ شایان شان طریقے سے منایا گیا, عاشقانِ رسول اپنے اپنے انداز میں نبی مہربان حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے عقیدت کا اظہار کرتے رہے جبکہ مختلف شہروں میں میلاد النبیﷺ کے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں.کراچی میں جشن عید میلاا لنبی ﷺ پر مذہبی جوش جذبہ عروج پر رہا، عید میلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مناسبت سے شہر میں چھوٹے بڑے جلوس اور ریلیاں بھی نکالی گئیں، جماعت اہلسنت کا مرکزی جلوس میمن مسجد سے برآمد ہوکر نشتر پارک پر اختتام پذیر ہوا۔ اس کے علاوہ سنی تحریک کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو نمائش چورنگی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔اسلام آباد میں بھی 12ربیع اولال پر عاشقان رسول کا جوش جذبہ دیکھنے کے قابل تھا، فضائیں درود وسلام کی صداؤں سے گونجتی رہیں۔ جلوس کے راستوں میں استقبالیہ کیمپ لگے، سبیلوں اور لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔
لاہور میں حضرت محمد مصطفیٰﷺکی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن میلاد النبیﷺعقیدت واحترام کے ساتھ منایا گیا۔ دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مساجد میں بارگاہ رسالت حضرت محمد میں درود و سلام کا ہدیہ پیش کیا گیا اور ملک کی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں۔ جشن عید میلادالنبیﷺ کے سلسلے میں عاشقان رسول ﷺ نے اپنے گھروں کو خوبصورت برقی قمقموں سے سجایا جبکہ تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا۔ جشن عید میلاالنبی کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، جلوس اور ریلیوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے۔ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی جشن عید میلادالنبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ پہلا جلوس میلاد ہائوس گلبہار سے برآمد ہوا، جلوس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے اور مختلف راستوں کو بند کیا گیا تھا، جلوس لاہوری اور اندرون شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا واپس میلاد ہائوس پر اختتام پذیر ہوا. ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا.میلادالنبی کے موقع پر پشاور اور مضافات کو سیکورٹی کے دو زون میں تقسیم کیا گیا ہے، مجموعی طور پرسولہ سو پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے.
اولیائے کرام کی سرزمین ملتان میں امام الانبیا سید المرسلین خاتم النبیین کے جشن ولادت پر مختلف مقامات پر میلاد ریلیاں نکالی گئیں جس میں عاشقان رسول کی بڑی تعداد نے خانہ کعبہ، مسجد نبوی اور نعلین پاک کے ماڈلز کی زیارت کی جبکہ عربی لباس میں ملبوس بچوں نے عرب کی ثقافت کے پیش نظر اونٹوں پر سوار ہو کر ڈفل بھی بجایا جس کو سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے خوب سراہا۔اس موقع پر مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ نبی پاک ﷺ کی مقدس زندگی مشعل راہ ہے جس پر عمل کر کے ہی دنیا میں امن قائم کیا جاسکتا ہے۔جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلہ میں فیصل آباد میں پاکستان سنی تحریک کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، ریلی دھوبی گھاٹ سے شروع ہوئی اور گھنٹہ گھر کے بازاروں سے ہوتی ہوئی سلیمی چوک تک پہنچی، ریلی کے شرکاء ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھائے آقا دو جہاں صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرتے رہے، شرکا کا کہنا تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کی خوشی کو شایان شان طریقے سے منانا چائیے۔مظفر آباد میں صبح کا آغاز 21 توپوں کی سلامی اور نماز فجر کے بعد دعاوں سے ہوا، میلاد کا مرکزی جلوس اپر اڈاہ سے نکالا گیا۔ سجے گلیاں بازاروں کی فضا درود سلام کے ورد سے گونجتی رہی، جلوس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سمیت سینکڑوں عاشقان رسول نے شرکت کی۔حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد اور سٹی کے علاقوں سے ریلیاں نکالی گئیں جو مختلف راستوں سے ہوتی ہوئیں حیدر چوک پہنچ کر ختم ہوئیں۔خیرپور میں جماعت اہلسنت کی جانب سے 12 ربیع الاول کے موقع پر جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں افراد شریک تھے، تھرپارکر میں مرکزی ریلی فیضان مدینہ مٹھی سے نکالی گئی اور شہریوں کی جانب سے کشمیر چوک پر محفل میلاد کا بھی انعقاد کیا گیا۔سیہون میں جشن میلاد النبیﷺ کی مرکزی ریلی کا آغاز درگاھ ویہڑ شریف سے ہوا جس میں موٹر سائیکلیں اور رکشوں سمیت بڑی تعداد میں گاڑیاں بھی شامل تھیں۔پنجاب کے شہر راجن پور میں مرکزی جلوس چوک الہ آباد سے نکالا گیا، نارووال شہر اور گرد و نواح میں موبائل سروس جزوی طور پر معطل رہی۔کامونکی میں جشن عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس غوثیہ چوک سے نکالا گیا جو شہر کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا غلہ منڈی پر اختتام پذیر ہوا۔بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 12 ربیع الاول کے موقع پر جامیہ مسجد مدینہ سے ریلی نکالی گئی جب کہ سبی میں مرکزی جلوس نشتر روڈ سے نکالا گیا اور قلات میں مرکزی جلوس جامعہ مسجد خیل سے نکالا گیا۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

WordPress主题