رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں خالد حیدر شاہ 

Published on December 1, 2018 by    ·(TOTAL VIEWS 313)      No Comments

رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں خالد حیدر شاہ 
حیدرآباد(رپورٹ*جنید علی گوندل)صوبائی سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ نے کہا ہے کہ واٹر کمیشن کو حیدرآباد سے رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل ہونے کی شکایات موصول ہوئی ہیں جس کی انکوائری کیلئے واٹر کمیشن کی جانب سے دور کنی جوائنٹ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس کے تحت سیکریٹری بلدیات سندھ اور ڈویژنل کمشنر حیدرآباد پر یہ کمیٹی مشتمل کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ جوائنٹ کمیٹی ان تمام شکایات اور مختلف اداروں کی جانب سے رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کروانے کے سلسلے میں جاری این او سی سے متعلق ایک مفصل رپورٹ اور اس ضمن میں حیدرآباد سے متعلق ایک نظام واضح کر کے اپنی سفارشات واٹر کمیشن کو پیش کریگا اجلاس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ ، ایڈیشنل کمشنر ون سجاد حیدر شاہ ، ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے ، ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ، ایم ڈی واسا آغا عبد الرحیم ، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمینٹ معتصم عباسی ، میونسپل کمشنر حیدرآباد نصراللہ عباسی ، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ ، ڈائریکٹر لینڈ ، سائیٹ لمٹیڈ کے نمائندے سمیت تمام تعلقوں کے اسسٹنٹ کمشنرز ، مختیار کار اور دیگر متعلقہ افسران ، درخواست گذار اور بلڈرز نے شرکت کی اس موقع پر ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کرانے اور بڑی بڑی بلڈنگس بغیر کسی پلاننگ کے بنانے سے شہر میں بہت سارے مسائل پیدا ہو رہے ہیں جس میں فراہمی و نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور دیگر مسائل شامل ہیں صوبائی سیکریٹری بلدیات اور ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کی جانب سے حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ جوائنٹ کمیٹی کی جانب سے دیے گئے 11سوالوں پر مبنی سوالنامے کو جلد از جلد پر کر کے جمع کروائیں جبکہ مختلف ا داروں کی جانب سے اب تک رہائشی پلاٹس کو کمرشل پلاٹس میں تبدیل کیے جانے سے متعلق ضمنی قانون کی کاپی اور کمرشلائیزیشن کے طریقے سمیت جاری کردہ این او سی کی لسٹ فراہم کریں اور یہ بھی بتائیں کہ انہیں کس قانون کے تحت این او سی جاری کی گئی اور اس ضمن میں وہ تمام قانون اور قوائد بھی فراہم کی جائیں جن کوبنیاد بنا کر این او سی جاری کی گئی ہے۔ اجلاس میں تمام متعلقہ اداروں کے افسران کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ایچ ڈی اے کا کہنا تھا کہ شہر کا ماسٹر پلان ایچ ڈی اے کے پاس ہے جبکہ نئی پالیسی کے تحت صرف 60فٹ چوڑے روڈ پر ہی کمرشلائیزیشن کی اجازت دی جا سکتی ہے جبکہ سائیٹ لمیٹڈ کے نمائندے نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سائیٹ لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی اجازت پر اب تک 37پلاٹس کو کمرشلائیز کیا گیا ہے جس میں صرف 7زیر تعمیر اور 7پر ابھی کوئی تعمیر نہیں ہے جس پر استفسار کرتے ہوئے ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کا کہنا تھا کہ صنعت کیلئے دی جانے والی زمین کو آپ کیسے کمرشلائیز کر سکتے ہیں اگر اس ضمن میں کوئی قانون ہے تو وہ بھی ہمیں بتایا جائے کمشنر حیدرآباد کا مزید کہنا تھا کہ واٹر کمیشن کو ہماری جانب سے دی جانے والی سفارشات صرف وہی ہونگی جو قانون کے مطابق ہونگی جبکہ ان پر احکامات واٹر کمیشن دے گا انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں بہت سے اداروں نے قانون سے تجاوز کرتے ہوئے یا قانون کو مد نظر نہ رکھتے ہوئے این او سیز جاری کیں اس موقع پر انہوں نے ڈی سی حیدرآباد کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ وہ تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کریں کہ مستقبل میں رول کارڈ آپ کی اجازت کے بغیر جاری نہیں کیا جائے کیونکہ ماضی میں کوئی بھی رول کارڈ پر کمرشل لکھ کر پلاٹس کی حیثیت تبدیل کروا لیا کرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم مستقبل میں اس طرح کے عمل کو سختی سے روک تھام کی جائے انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی ادارے کی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا ہے تو اس کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمینٹ نے کہا کہ اس فورم کے تحت سسٹم میں بہتری لانے کا موقع ملا ہے آپ تمام متعلقہ اداروں کے افسران سے درخواست ہے کہ وہ بھی ہماری مدد کریں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے ریجنل ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے باز پرست کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس قانون اور قوائد کی بنا پر کمرشلائیزیشن کی اجازت دیتے ہیں انہوں نے ریجنل ڈائریکٹر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں مقام کی تحقیق کیے بغیر این او سی جاری نہ کریں جبکہ میں آپ کے ماضی کے عمل سے متعلق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو بھی لکھوں گا اس موقع پر صوبائی سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ نے کہا کہ اپنے اگلے دورے میں ڈویزنل کمشنر حیدرآباد کے ہمراہ متعلقہ جگہوں کا دورہ کرونگا اور جلد از جلد دیا جانے والا سوالنامہ پر کر کے جمع کروایا جائے انہوں نے کہا کہ تمام این او سی جاری کرنے والے متعلقہ ادارے ان تمام لوگوں کی لسٹ مرتب کریں جنہوں نے پچھلے 20سالوں میں رہائشی پلاٹس کو تجارتی پلاٹس میں تبدیل کرنے کی این او سیز جاری کی ہیں اجلاس میں آباد حیدرآباد کے نمائندوں اور دیگر شکایت کنندگان کی شکایات کو تفصیل سے سنا گیا ۔
اوورریڈنگ بلز کی بھرمار اور رشوت ستانی کے خلاف پریس کلب حیدرآباد پراحتجاجی مظاہرہ 
حیدرآباد (رپورٹ*علی رضا رانا) انسان دوست فاؤنڈیشن کے زیراہتمام حیسکو ایکسئین ایم این ٹی جاوید صدیقی کی جانب سے حیدرآباد کی عوام کے ساتھ توہین آمیز رویہ،محتسب اعلیٰ اور نیپرا کے کئے گئے فیصلوں پر عدم عملدرآمد ،ناجائز ڈٹیکشن، اوورریڈنگ بلز کی بھرمار اور رشوت ستانی کے خلاف پریس کلب حیدرآباد پراحتجاجی مظاہرہ کیا گیا،مظاہرین احتجاجی بینرز اور کتبے اٹھائے ہوئے تھے اور وہ حیسکو کے کرپٹ اورعوام دشمن افسران کی فوری برطرفی کا مطالبہ کررہے تھے موقع پر چیئرمین نعیم نورانی ، فقیرمحمد قریشی ،ظہیرانصاری ، ملک رمضان ،سجاد خان، حبیب احمد قریشی، سید فہیم الدین، اظہر منگریو، راشدعلی راؤ، مصدق میمن، یوسف خان، وہاب الدین،اخترپیرزادہ،و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو نے حیدرآباد کے سیاسی نمائندگان کی نااہلی کی وجہ سے حیدرآباد کو سونے کی کان سمجھ لیا ہے اور اس کے مکین چھوٹے چھوٹے گھروں پر ناجائز لاکھوں کے ناجائز ڈٹیکشن لگا دئے ہیں اور ان کی شکایات کی سننے والاکوئی نہیں،اور وہ سالوں سے حیسکو دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبو رہیں ،جبکہ ایک سال قبل منظور کئے گئے ایڈیشنل ٹرانسفارمر رشوت نہ دینے کی وجہ سے تاحال نصب نہیں کئے جارہے ، جبکہ بعض افسران اپنی دانست میں فرعون بن چکے ہیں اور وہ صارفین سے بات کرنا قطعی گوارہ ہی نہیں کرتے اور عوامی شکایات کے حل میں دانستہ تاخیری حربے اختیار کررہے ہیں اور ان کا عوام سے رویہ انتہائی توہیں آمیز ہے جس سے حیسکو صارفین کی قوت برداشت ختم ہوتی جارہی ہے، انھوں نے کہا کہ حیسکو دفاتر میں ڈیلی ویجز اور سابقہ ریٹائر ڈ کرپٹ اہلکاروں کو نجی طور پررکھا ہوا ہے اور ان کا کام صرف ڈٹیکشن پرفارمروں کو پر کرنا ہے اور جو بجلی چور یا صارف ان سے
ماہانہ رشوت کی سیٹنگ کرلے تو وہ ڈٹیکشن اور دیگر حیسکو کی تمام چھاپہ مار ٹیموں سے محفوظ ہوجاتا ہے اور یہ مخصوص اہلکار دنوں دنوں میں کئی املاک اوڑ کثیر سرمایہ کے مالک بن چکے ہیں۔ حیسکو عوام دشمن اور کرپٹ ترین ادارہ ہے، معمولی ملازمین کے بحریہ ٹاؤن اورپر تعیش ترین علاقوں میں بنگلے اور پلاٹ ہیں، جس کاسپریم کورٹ،نیب نوٹس لے۔ تمام ناجائز چارجز کا خاتمہ کیا جائے ،کرپٹ لیبر یونین پر پابندی لگائی جائے جس کے ذمہ دا ران جوکہ بجلی چوروں کی سرپرستی اور خود بجلی چوری میں ملوث پائے گئے ہیں بصورت حیدرآباد کی عوام و سول سوسائٹی شدید احتجاج کریں گے۔
ماہر امراضِ چشم ڈاکٹر حامد محمود کے بنگلہ کا ڈاکو ؤں نے صفایا کردیا
حیدرآباد(بیورو رپورٹ) حیدرآباد میں ماہر امراضِ چشم ڈاکٹر حامد محمود کے بنگلہ کا ڈاکو ؤں نے صفایا کردیا،ایک لاکھ نقد 3ہزار ریال ، طلائی زیور لوٹ کر فرار ، حسین آباد تھانہ کی حد بھٹائی اسپتال کے عقب لطیف آباد یونٹ نمبر4بنگلہ38میں رہائش پذیر امراضِ چشم ڈاکٹر حامد محمود کے بنگلہ میں جمعہ کی دن چار مسلح افراد داخل ہو ئے انہوں نے اہلِ خانہ کو یرغمال بناکر ایک لاکھ روپے نقد ،تین ہزار سعودی ریال اور دیگر قیمتی سامان کے علاو ہ خاتونِ خانہ سے دو طلائی کڑے ایک سونے کی چین و انگوٹھی و دیگر اشیاء چھین کر فرار ہو گئے واقع کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بڑی تعداد جائے وقوع پر پہنچ گئی اور ابتدائی رپورٹ درج کرکے ڈاکوؤں کی تلاش شروع کردی ہے۔
حیدرآباد میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری 
حیدرآباد(بیورو رپورٹ)حیدرآباد میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے ،پنیاری نہر کے قریب سے ناجائز مکانات ڈھا دیئے گئے ، عدالتی احکامات کے تحت حیدرآباد میں ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن جمعہ کے دن بھی جاری رہا حیدرآباد کے معروف ومصروف علاقوں اسٹیشن روڈ ، چھوٹکی گھٹی ، لجپت روڈ ، رسالہ روڈ ، حیدر چوک ، ٹھنڈی سڑک ، سول اسپتال کے اطراف اور آٹو بان روڈ لطیف آباد اور قاسم آباد کے بعض علاقوں کے بعد پنیاری تھانہ کی حدود بنائے گئے ناجائز مکانات بھی ڈھادیئے گئے ہیں آپریشن کے دوران مکینوں نے احتجاج بھی کیا تاہم اینٹی انکرچمنٹ کے عملہ نے ضلعی انتظامیہ ، بلدیہ اور پولیس افسران کی موجودگی میں کام جاری رکھا جو جمعہ کی شام تک جاری تھاناجائز تجاوزات ہٹانے سے حیدرآباد کی سڑکیں کشادہ ہو گئی ہیں تاہم عوام نے ناجائز تجاوزات قائم کرانے والوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے ان کا کہنا ہے کہ زنانہ اسپتال ، بھٹائی اسپتال کے اطراف کیبن بنا کر فروخت کرنے والوں کا بھی احتساب کیا جائے ۔
وزیر اعظم عمران خان اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہو نگے ، سید فیصل علی 
حیدرآباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم عمران خان اپنے مشن میں ضرور کامیاب ہو نگے ، نامساعد حالات میں حکومت ملی اور خزانہ خالی ہے ،سو دن میں کوئی بڑی تبدیلی تو نہیں آئی لیکن موجودہ حکومت کو وقت ملنا چاہیئے ،مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن کردی وزیر اعظم قوم کو جلد مشکل سے نکالیں اے پی پی کے کئے گئے سروے میں تاثرات بتاتے ہوئے پی ٹی آئی حکومت کے سو دن مکمل ہو نے پرحیدرآباد میں عوام کا ملا جلا ردعمل ، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو سو دن ہو گئے ہیں تاہم یہ کوئی زیادہ وقت نہیں ہے وزیر اعظم کو ایک انتہائی مقروض ملک ملا ہے جہاں کرپشن کا راج رہا ہے خزانہ خالی ہے ہمیں یقین ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے مشن میں کا میاب ضرور ہو نگے یہ بات نوجوان تاجر سید فیصل علی نے حکومت کی ایک سو دن کی کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہی سیلز مین بابر شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جن مساعد حالات میں حکومت ملی ہے اس میں باوجود خواہش کے فوری نتائج نہیں آسکتی لیکن ان سو دنوں میں حکومت کی سمت کا معلوم ہوگیا ہے کہ وہ کس طرف جارہی ہے عبدالرحمن پان والے نے کہا کہ پچھلی حکومتوں نے اتنا مایوس کیا ہے کہ اب ہم موجودہ حکومت کو کچھ بول بھی نہیں سکتے انتظار کررہے ہیں کہ ملک کے حالات بدلیں عمران خان پر یقین ہے کہ وہ قوم کو ضرور خوشخبری دیں گے خاتونِ خانہ ممتاز حبیب نے کہاکہ مہنگائی بہت زیادہ ہوگئی ہے کچن چلانا مشکل ہے پچھلے حکمرانوں کا بویا ہوا ہے جو آج کے حکمراں کاٹ رہے ہیں ہمیں ایک دو سال تک دیکھنا ہو گا کہ یہ کیا کرتے ہیں مقامی بینکار خادم علی نے کہا کہ ملک کھربوں روپے کے اندرونی و بیرونی قرضوں تلے دبا ہوا ہے حکومت کرپشن کے خلاف کاروائیاں تیز کرے قوم کرپٹ عناصر کے خلاف کاروائی دیکھنا چاہتی ہے اس کے بعد ہی ملک کی سمت درست ہو گی شاپ کیپر اصغر حسین نے کہاکہ مہنگائی نے زندگی اجیرن کردی ہے ہمارا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان قوم کو جلد مشکل سے نکالیں ہم ان پر یقین ہے شکر ہے کہ ماضی کی طرح بدامنی ہے نہ ہڑتالیں ہیں لیکن تجاوزات کے خاتمہ کے نام پر جس طر ح پریشان کیا جارہا ہے وہ بھی درست نہیں ہے انہوں نے مزید کہا کہ ناجائز تجاوزات کے خلاف کاروائی ضرور ہونا چاہیئے بلکہ یہ قائم ہی نہیں ہونا چاہئیں لیکن جن لوگوں نے یہ ناجائز تجاوزات قائم کرائی ہیں وہ ہتھوڑے اور کھدال لیکر آگئے ہیں ان کے خلاف کون کاروائی کرے گاایک حجام محمد اقبال نے کہاکہ میرے پاس آنیوالے سب ہی لوگ مسائل ، مہنگائی وغیرہ سے پریشان ہیں لیکن موجود ہ وزیر اعظم عمران خان سے امید یں بھی رکھتے ہیں کہ قوم کی کشتی کو بھنور سے نکالنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes