پاکستان، ترکی اور افغانستان کے درمیان آٹھواں سہ فریقی سربراہ اجلاس

Published on February 14, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 243)      No Comments

\"2\"
انقرہ ۔۔۔ پاکستان، ترکی اور افغانستان کے درمیان جمعرات کو انقرہ میں آٹھواں سہ فریقی سربراہ اجلاس میں علاقائی اور بین الاقوامی سیکورٹی ایشوز پر مفید اور جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ سہ فریقی سربراہ اجلاس کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ترک صدر عبداﷲ گل اور افغان صدرحامد کرزئی نے علاقائی مذاکرات میں سہ فریقی سربراہ اجلاس کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے تینوں ممالک کے درمیان قریبی مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پورے خطے کے استحکام اور امن کیلئے افغانستان میں امن اور استحکام نہایت ضروری ہے اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکی افغانستان میں اتحاد اور استحکام برقرار رکھنے کو بڑی اہمیت دیتے ہیں۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات کا عزم کیا گیا کہ تعلقات کی اس رفتار کو افغانستان کے صدارتی اور صوبائی کونسل کے انتخابات کے دوران سازگار ماحول کے فروغ کیلئے تعاون کے ذریعے سود مند بنایا جائے گا۔ اجلاس میں افغانستان میں کامیاب سیاسی انتقال اقتدار کیلئے جاری انتخابی عمل کے حوالے سے مناسب سیکورٹی کے ماحول کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔ اجلاس میں کہاگیاکہ عالمی برادری افغان امن عمل کی حمایت کیلئے اپنا کردار جاری رکھے۔ اجلاس میں افغانستان میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کیلئے افغان آئین کے فریم ورک کے اندر رہ کر سیاسی تصفیے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے افغان طالبان پر زور دیا گیاکہ وہ امن عمل میں شریک ہوں۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون بڑھانے اور افغان صدارتی اور صوبائی کونسل کے انتخابات کے دوران ضروری سیکورٹی ماحول اور امن و مصالحتی عمل کی حمایت میں عملی اقدامات اٹھانے پر زور دیا گیا۔ اجلا س میں موثر سرحدی انتظام کیلئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان قریبی رابطہ کار کوبڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں تینوں رہنماؤں نے دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں پاکستان کی طرف سے رجسٹرڈ افغان پناہ گزینوں کے قیام کی مدت میں 31 دسمبر 2015ء تک توسیع کے فیصلے کو سراہتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ افغان پناہ گزینوں کی باوقار اور باعزت طریقے سے افغانستان واپسی کیلئے دونوں ممالک کی مدد کرے۔ اجلاس میں پاکستان اور افغانستان کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے رابطوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان رابطوں کو مزید بڑھانے کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ انہوں نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان مضبوط تجارت اور اقتصادی تعاون پر مبنی وسیع تر تعلقات کے قیام کیلئے کوششوں کا خیر مقدم کیا۔ اجلاس میں افغانستان کی تعمیر نواور استحکام میں پاکستان اور ترکی کے تعاون کو تسلیم کیا گیا۔ انہوں نے اس بات کی اہمیت پر زور دیا کہ عالمی برادری کو افغانستان کی سماجی ومعاشی ترقی کی حمایت 2014ء کے بعد بھی جاری رکھنی چاہئے۔ اجلاس کے دوران تینوں رہنماؤں کو ترک یونین آف چیمبرز اینڈ کاموڈیٹی ایکسچینج کے صدر نے استنبول فورم کے کام کے حوالے سے بریفنگ دی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور افغان صدرحامد کرزئی نے 8 ویں سہ فریقی سربراہ اجلاس کی میزبانی پر ترک صدر عبداﷲ گل، حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes