پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو شکست دیدی

Published on June 4, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 423)      No Comments

ناٹنگھم(یواین پی) کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کے چھٹے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دیکر میگا ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ ورلڈکپ 2019 کے افتتاحی میچ میں بدترین شکست کے بعد قومی ٹیم نے اپنے دوسرے میچ میں عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 348 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلینڈ کی جانب جونی برسٹو اور جیسن روئے نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاداب خان نے تیسرے ہی اوور میں جیسن روئے کو 8 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا اور جونی برسٹو 32 رنز پر وہاب ریاض کا شکار بنے۔انگلش ٹیم کے کپتان اون مورگن کو 9 رنز پر محمد حفیظ نے بولڈ کیا اور بین اسٹوکس کو 13 رنز بنانے کے بعد شعیب ملک کے ہاتھوں پویلین واپس لوٹنا پڑا۔ 118 پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی تھی تاہم جوس بٹلر اور جوئے روٹ وکٹ پر ڈٹ گئے۔پانچویں وکٹ کے لیے جوئے روٹ اور جوس بٹلر کے درمیان 130 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں مکمل کیں تاہم جوئے روٹ 107 پر شاداب خان اور جوس بٹلر 103 رنز پر محمد عامر کا شکار بنے۔آخری لمحات نے معین علی اور کرس ووکس نے بھرپور مقابلہ کیا تاہم وہاب ریاض نے مسلسل 2 گیندوں پر پہلے معین علی کو 19 اور پھر ووکس کو 21 رنز پر چلتا کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے وہاب ریاض نے 3 اور شاداب خان، محمد عامر نے 2،2 جب کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل انگلش کپتان اون مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے فخرزمان اور امام الحق نے ٹیم کو 82 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا، فخرزمان 36 رنز بنانے کے بعد معین علی کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے اور امام الحق بھی 44 رنز بنانے کے بعد معین علی کا ہی شکار بنے۔بابراعظم اور محمد حفیظ نے ذمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کے لیے 88 رنز کی شراکت قائم کی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں، بابراعظم 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد حفیظ نے 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 84 رنز کی اننگز کھیلی۔کپتان سرفراز احمد نے بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی اور وہ 55 رنز پر پویلین واپس لوٹے۔ آصف علی صرف 14 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، وہاب ریاض 4 اور شعیب ملک 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے معین علی اور کرس ووکس نے 3،3 جب کہ مارک ووڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے قومی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف جیت پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں خراب آغاز کے بعد پاکستان ٹیم نے زبردست کم بیک کیا، آپ میں صلاحیت موجود ہے، صرف خود پر بھروسے کی ضرورت ہے تاکہ آپ آگے بڑھ سکیں۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف فتح پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی اچھا کھیلے، ساتھ ہی انہوں نے ٹیم کو عید کی بھی مبارک باد دی ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

Premium WordPress Themes