سعودی عرب کے 9 ارب 90 کروڑ ڈالر کے پیکیج پر عملدرآمد شروع

Published on July 2, 2019 by    ·(TOTAL VIEWS 384)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) سعودی عرب کے 9 ارب 90 کروڑ ڈالر کے پیکیج پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔سعودی حکومت کی طرف سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق پیکیج پر عملدرآمد کا آغاز یکم جولائی سے ہو گا۔ پاکستان کو سالانہ 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل دیا جائے گا، ماہانہ 275 ملین ڈالر کا تیل فراہم کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی طرف سے پاکستان کو مؤخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی 3 سال تک جاری رہے گی، فراہم کردہ تیل کی مجموعی لاگت 9.90 ارب امریکی ڈالر ہو گی۔یاد رہے کہ سعودی سفیر نے اکتوبر 2018ء میں پاکستان کیلئے معاشی پیکج کا اعلان کیا تھا، پاکستان کو دیا جانے والا پیکیج 3 ارب ڈالر تھا۔ پاکستانی حکام کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سعودی حکومت اسلام آباد کو ایک سال کی موخر ادائیگی کی بنیاد پر تیل فراہم کرنے پر بھی متفق ہو گیا ہے جو تین ارب ڈالر تک کی اضافی مدد ہے۔ یہ بندوبست تین سال کی مدد کے لیے ہو گا۔دونوں ممالک کے درمیان معاہدے پر دستخط وزیر اعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر ہوئے۔ وزیراعظم عمران خان وہاں سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کے لیے گئے تھے جہاں سعودی عرب نے توازن ادائیگی میں مدد کے لیے ایک سال کے لیے تین ارب ڈالر کا ڈپازٹ فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلے میں مفاہمت کی یاداشت پر اس وقت کے وزیر خزانہ اسد عمر اور ان کے سعودی ہم منصب محمد عبداللہ جدعان نے دستخط کیے تھے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Theme