عورت مارچ قابل اعتراض نعروں کے بغیر بھی کیا جا سکتا ہے: فردوس عاشق اعوان

Published on March 7, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 204)      No Comments

اسلام آباد: (یواین پی) معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے۔ عورت مارچ قابل اعتراض نعروں کے بغیر بھی کیا جا سکتا ہے۔اسلام آباد میں ‘’ خواتین کے عالمی دن’’ کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسلام سے پہلے عرب معاشرے میں خواتین کے کوئی حقوق نہیں تھے۔ اسلام ہمارے لیے چادر چار دیواری کے اصول واضح کر چکا ہے۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت خواتین کو معاشی حوالے سے بااختیار بنانے جا رہی ہے۔ خواتین کو بااختیار کیے بغیر ریاست مدینہ کی اساس کو مضبوط نہیں بنایا جا سکتا۔‘’عورت مارچ’’ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آپ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیے بغیر نکلیں تو ہم آپ کیساتھ کندھے کے ساتھ کندھا ملا کر طاقت بنیں گے کیونکہ خواتین کو طاقتور بنانا ہی ہمارا سب سے اہم اور بڑا مشن ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ عورت مارچ قابل اعتراض نعروں کے بغیر بھی کیا جا سکتا ہے۔خیال رہے کہ فردوس عاشق اعوان نے گزشتہ روز کہا تھا کہ ٹی وی چینل پر پیش آنے والا واقعہ قابل افسوس ہے۔ میڈیا کو ایسے حساس معاملات پر زیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ میڈیا یا کسی بھی فورم پر عورت کی تضحیک ناقابل قبول ہے۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ خاتون کی عزت وقار اس کی حیا جبکہ جسم کی نمائش اس کی توہین ہے۔ حکومت خواتین کے ہر قسم کے استحصال کے خلاف ہے۔فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہر مسلمان عورت کا رول ماڈل حضرت فاطمتہْ الزہرا کی سیرت طیبہ اور امہات المومنین جیسی جلیل القدر ہستیاں ہیں۔ پہلی مسلمان خاتون حضرت خدیجہ الکبریٰ تجارت پیشہ تھیں۔ اِسلامی تاریخ کے یہ روشن کردار ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں۔انہوں نے لکھا کہ وجود کی نمائش خود عورت کی توہین ہے۔ خاتون کی عزت و وقار اس کی حیا ہے۔ میڈیا یا کسی بھی فورم پر عورت کی تضحیک اور تذلیل ناقابلِ قبول رویہ ہے۔

Readers Comments (0)




WordPress主题

Free WordPress Themes