ایشین ٹائیگر کون ۔۔۔؟ فیصلہ آج ہو گا

Published on March 8, 2014 by    ·(TOTAL VIEWS 364)      No Comments

\"lala\"
میرپور ۔۔۔ ایشیا میں کرکٹ کی حکمرانی کے لئے آخری جنگ آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان لڑی جائے گی تاہم شاہینوں میں سے کچھ شاہین فٹنس مسائل سے دوچار ہیں۔پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ہونے والا فائنل میرپور کے شیر بنگلا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں شاہین سری لنکن ٹائیگرز کو زیر کرنے کے لیے بھرپورتیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ اپنے آخری لیگ میچ میں بنگلا دیش کو شکست دینے کےبعد قومی ٹیم نے ایک دن آرام کےبعد پریکٹس شروع کردی ہے اور  ہفتے کو ہونے والے فیصلہ کن معرکے کا میدان مارنے کے لیے اپنی حکمت عملی بھی تیار کرلی ہے پاکستان اور سری لنکا کے مابین (آج) ہفتہ کو بنگلہ دیش میں ہونے والے فائنل میچ میں اگر سری لنکا نے کامیابی حاصل کی تو سری لنکا پانچویں دفعہ ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز حاصل کرے گا اور اس طرح ہونے پر وہ بھارت کا سب سے زیادہ پانچ مرتبہ ایونٹ جیتنے کا ریکارڈ برابر کردیگاجبکہ پاکستان کی کامیابی کی صورت میں پاکستان کو تیسری دفعہ ٹورنامنٹ جیتنے کا شرف حاصل ہوگا۔ ایشیا کپ ٹورنامنٹ کا فائنل میچ دونوں ٹیموں کے مابین ایشیا کپ کی تاریخ کا تیسرا فائنل ہوگا۔دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں دو دفعہ ٹکرا چکی ہیں جس میں ایک میں سری لنکا نے اور ایک میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ۔ دونوں ٹیموں کا ایشیا کپ کے فائنل میں پہلا مقابلہ 6 اپریل 1986ء کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلا گیا جس میں سری لنکا نے پانچ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسری بار دونوں ٹیمیں 7 جون 2000ء کو بنگلہ دیش میں ہونے والے فائنل میچ میں مدمقابل آئیں اور اس دفعہ پاکستا ن نے 39 رنز سے فائنل جیتا۔ دونوں ٹیموں کے مابین دنیا کی مختلف کرکٹ گراؤنڈ ز اور مختلف ٹورنامنٹس میں ہونے والا تیرہواں فائنل میچ ہوگا۔ دونوں ٹیمیں اب تک دنیا کی مختلف گراؤنڈز میں ہونے والے مختلف کرکٹ ٹورنامنٹس کے فائنلز میں بارہ دفعہ ایک دوسرے سے ٹکرائیں جس میں جیت کے تناسب سے دونوں کا پلڑا برابر ہے۔ دونوں ٹیموں نے چھ چھ دفعہ فائنلز میں کامیابی حاصل کی، پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین ایشیا کپ میں ہونے والا فائنل میچ اب تک ایشیا کپ میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والا چودہواں میچ ہوگا۔ اس سے قبل ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹس میں دونوں ٹیموں کے مابین مجموعی طور پر 13میچز کھیلے جس میں سری لنکا نے 9 میں اور پاکستان نے 4 میچز میں کامیابی حاصل کی تاہم دونوں ٹیموں کے مابین دنیا کی مختلف گراؤنڈز میں ہونے والے ون ڈے میچز میں جیت کے تناسب سے پاکستا ن کرکٹ ٹیم کا پلڑا بھاری ہے۔ سری لنکا اور پاکستان کے مابین 1975ء سے 2014ء تک 138میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان نے 80 اور سری لنکا نے 53 میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ ٹائی ہوا اور چار میچوں کا نتیجہ نہیں نکل سکا۔ بنگلہ دیش کی سر زمین پر دونوں ٹیموں کے مابین پانچ میچز کھیلے گئے جس میں پاکستان ٹیم نے تین اور سری لنکا کی ٹیم نے دو میچز جیتے۔

Readers Comments (0)




WordPress Themes

WordPress Blog