غیر مستحکم ترقی انسانی وجود کے لیے خطرہ ہے: پروفیسر زکریا ذاکر

Published on April 23, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 193)      No Comments

اوکاڑہ (یواین پی) ترقی کی غیر مستحکم سرگرمیوں اور قدرتی وسائل کے بے جا استعمال نے کرہ ارض کے ماحولیاتی نظام کو بری طرح تباہ کر دیا ہے جس کے باعث انسانی اور حیوانی زندگی خطرے سے دوچار ہے، ان خیالات کا اظہار بین الاقوامی شہرت یافتہ سوشل سائنٹسٹ اور اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زکریا ذاکر نے انٹرنیشنل ارتھ ڈے کے موقع پر یونیورسٹی کے اساتذہ اور محققین سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں کیا۔ پروفیسر زکریا نے بتایا کہ گزشہ کئی سالوں سے سائنس دان انتباہ کرتے آ رہے ہیں کہ ٹیکنالوجی پہ بےجا انحصار اوروسائل کا بے رحم استعمال انسانی وجود کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں لیکن عالمی پالیسی سازوں اور سیاست دانوں نے زیادہ طاقت اور دولت کے لالچ میں اس بات کو ہمیشہ نظر انداز کیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے آبادی میں بے ہنگم اضافے، وسائل کے بے حد استعمال اور کھادوں اور کیڑے مار ادویات کے ذریعے کی جانے والی غیر نامیاتی کھیتی باڑی سے کرہ ارض کو تباہ کر دیا ہے۔ ترقی کا یہ انداز مستحکم نہیں۔ اب وہ وقت آ گیا ہے جب ہمارے پالیسی سازوں کو سائنسی انتباہ پہ غور کر لینا چاہیے۔
ڈاکٹر ذاکر نے کے مطابق کرونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے ہم روزانہ صابن اور دیگر ہینڈ واش ایجنٹس کے ذریعے کئی ٹن کیمیکل زمین میں پھینک رہے ہیں جو کہ ماحولیاتی نظام کو مزید برباد کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ انسانی آبادی اور ترقی کے بے ہنگم پھیلاو نے حیوانوں کو ان کے قدرتی مساکن سے بھی محروم کر دیا ہے۔ اب جب کہ پوری دنیا لاک ڈاون میں ہے تو کئی مقامات پہ جنگلی جانور آزادی سے پھرتے دیکھے گئے ہیں۔ڈاکٹر زکریا نے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کرنے کے لیے آبادی پہ قابو پانے کی اہمیت واضع کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ کچی بستیوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جو کہ بیماری اور غربت کا گڑھ ہیں۔ ہمیں آبادی کو کنٹرول کرنا ہو گا اور حیاتیاتی ایندھن پہ انحصار کم کرنا ہو گا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

Free WordPress Themes