اپوزیشن مریم نواز کو ملک سے باہر بھجوانے کے لیے گیم چلا رہی ہے، فیصل واوڈا

Published on October 20, 2020 by    ·(TOTAL VIEWS 136)      No Comments

کراچی (یواین پی) وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپوزیشن گیم چلا رہی ہے، ان کا مقصد باپ کی طرح بیٹی کو بھی ملک سے باہر لے جانا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اپوزیشن کیا گیم چلا رہی ہے سب بلیک اینڈ وائٹ کی طرح صاف نظر آرہا ہے ۔ نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ایک گیم چل رہا ہے ، اس وقت اداروں کیخلاف بیانیہ تیار کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بلیک اینڈ وائٹ صاف ہے بس سمجھنے کی ضرورت ہے ۔ وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن یہ گیم اس لیے کررہی ہے کہ بیٹی کو چھڑا کر یہاں سے لے جایا جائے ، یہ پروگرام بنایا جا رہا ہے کہ بیٹی کو باہر لے جائیں ۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ قائد کے مزار پر جو ہوا اگر ورکرز نے کیا ہوتا تو چھوڑ سکتے تھے مگر نواز شریف کے داماد نے جو قائد کے مزار پر کیا وہ نامناسب تھا ۔انہوں نے مزید کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے گرفتارکیا ہے ۔ جبکہ سندھ کا ہی ایک وزیر کہہ رہا ہے گرفتاری غلط تھی ۔ سندھ پولیس نے گرفتاری کی اور صوبائی وزیر مذمت کر رہا ہے ۔ پراسیکیوٹر نے ضمانت کی مخالفت کی اورسندھ حکومت مذمت کررہی ہے۔ عجیب گیم چلایا ہوا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب سندھ پولیس نے گرفتاری کی ہے تو اس کا جواب سندھ رینجرز کیسے دے سکتی ہے؟ ۔یہ سب اپنی کرپشن چھپانے کی تحریک چلا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو مزار قائد کے احاطے میں نعرے بازی کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ جس کے بعد ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض مقامی عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو ضمانت پر رہا کردیا تھا ۔ رہائی کے بعد کیپٹن (ر) صفدر مسلم لیگ کی نائب صدر مریم نواز اور ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کے ہمراہ لاہور چلے گئے۔

Readers Comments (0)




Weboy

Free WordPress Themes