کوئٹہ(یو این پی)انسپكٹر جنرل آف پولیس بلوچستان رائے محمد طاہر نے كہا ہے كہ بلوچستان كے عوام كو تحفظ فراہم كرنا ہمارا فرض ہے۔آئی جی پولیس كا چارج سنبھالنے كے بعد سینٹرل پولیس آفس میں اعلی سطحی اجلاس سے خطاب كرتے ہوئے رائے محمد طاہر نے كہا كہ ہر قسم كی دہشت گردی كا خاتمہ بلوچستان پولیس كی اولین ترجیح ہوگی اور بلوچستان كے عوام كو تحفظ فراہم كرنا ہمارا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان كو یہاں كے عوام كے لئے پہلے سے زیادہ محفوظ جگہ بنائی جائے گی، پولیس كے متعلقہ تمام شعبوں میں بشمول اندراج ایف آئی آرعوام كو معیاری سروس ڈلیوری فراہم كی جائے گی۔آئی جی پولیس نے کہا کہ بحیثیت پولیس كمانڈ ر ٹیم ورک پر یقین ركھتا ہوں اور بحیثیت شہری ہر كسی كو عزت دی جائے قانون كی عملداری قائم كرنے كے لئے پولیس كی پیشہ ورانہ صلاحیتوں كو بروئے كار لایا جائے گا۔رائے محمد طاہر نے كہا كہ عوام كے تحفظ كے لئے دی گئی ذمہ داریوں كو مزید احسن طریقے سے نبھا یا جائے گا، شہدا پولیس كی قربانیوں كو ہم نہیں بھولتے، شہدا كے خاندانوں كی فلاح و بہبود كے لئے كوئی كسر نہیں چھوڑینگے، پولیس كا مورال بلند ہے۔انہوں نے آفسران پر زور دیتے ہوئے كہا كہ پولیس كی پیشہ ورانہ صلا حیتوں كو بروئے كار لا یا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت كی كہ شہریوں كے ساتھ پولیس كا برتاؤ دوستانہ ہونا چاہیے اور ہر شہری كو بلاتفریق عزت دی جائے۔قبل ازیں آئی جی پولیس بلوچستان رائے محمد طاہر كو سینٹرل پولیس آمد پر پولیس كے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ سابقہ آئی جی محسن حسن بٹ نے ان كا استقبال كیا اور بلوچستان پولیس كی كمان ان كے حوالے كی، بعد میں نئے آئی جی پولیس بلوچستان رائے محمد طاہر نے سابقہ آئی جی پولیس بلوچستان محسن حسن بٹ كو پولیس گارڈ كی سلامی كے ساتھ رخصت كیا۔