گوجرانوالہ(یو ین پی)لاکھوں اداس و افسردہ لوگوں کے چہروں پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز سے خوشیاں بکھیرنے والے ملک کے معروف سٹیج فنکار و سینئر ترین مزاحیہ تھیٹر اداکار مستانہ جو 11اپریل 2011ء بروز پیر کو ہیپاٹائٹس کے خلاف موت و حیات کی طویل جنگ لڑتے ہوئے بالآخر شکست کھا کر داعی اجل کو لبیک کہہ گئے تھے کی آٹھویں برسی آج ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی۔ٹی وی، فلم اور سٹیج کے اداکار مرتضیٰ حسن عرف مستانہ جنہوں نے سینکڑوں انتہائی کامیاب اور یاد گار ڈراموں میں کام کیا ہیپا ٹائٹس سی کے مرض میں مبتلا تھے اور ان کے جگر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔انہیں بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جارہی تھی لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔مستانہ نے پسماندگان میں ایک بیٹا سعد حسن سوگوار چھوڑا۔مستانہ جس نے ٹی وی، سٹیج اور تھیٹر پر سینکڑوں ڈراموں میں یاد گار مزاحیہ کردار ادا کئے کا شمار صف اول کے کامیڈین میں ہوتا تھا جبکہ انہیں بہترین پنجابی سٹیج ایکٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔انہوں نے اداکاری کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ان کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اپنی وفات سے کچھ عرصہ قبل مستانہ نے سٹیج ڈراموں میں فحش پن کا عنصر نمایاں ہو نے پرسٹیج سے ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا تھا۔