جاتی عمرہ کی زمین 30 سال قبل قواعدوضوابط کے مطابق خریدی گئی

Published on April 18, 2021 by    ·(TOTAL VIEWS 117)      No Comments


لاہور(یواین پی)پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ جاتی عمرا کی زمین 30 سال قبل قواعدوضوابط کے مطابق خریدی گئی، عمران خان ہر محاذ پر ناکامی کے بعدایسی حرکتیں کررہا ہے، چیف سیکرٹری،آئی جی پنجاب سے توقع کرتا ہوں عمران خان کے مکروع کام میں آلہ کار نہیں بنیں گے ۔انہوں نے لندن میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الحمداللہ جاتی عمرا کی ہماری زمین 30 سال پہلے خریدی گئی تھی، یہ زمین تمام قواعدوضوابط اور قوانین کے مطابق ہے، عمران خان ہر محاذ پر ناکام ہوچکے ہیں، معیشت چلتی نہیں ہے ، ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اس طرح کی حرکتیں کررہے ہیں، ان کے اندر ذاتی بغض عناد کا جذبہ ٹھنڈا ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے، اب وہ اپنی ناکامیوں کا پردہ ڈالنے کیلئے یہ کام شروع کرنا چاہتے ہیں۔ہماری زمین ہر لحاظ سے جائز ہے، میں نہیں سمجھتا کہ ہماری بیوروکریسی کو عمران خان کے اس مکروہ کام میں آلہ کار بننا چاہیے ، میں چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب اور ساری ٹیم سے توقع کرتا ہوں کہ وہ کسی کے آلہ کار نہیں بنیں گے بلکہ آئین وقانون کے مطابق چلیں گے جس کیلئے ریاست پاکستان نے ان کو تعینات کیا ہے۔وہ قانون اور غیرقانونی کام میں فرق جانتے ہیں، اس لیے ان کو ایک بندے کی انا، انتقام، ذاتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔جس طرح انہوں نے ہمارے خلاف ، شہبازشریف، مریم نواز، حمزہ شہباز، ہماری پارٹی کے رہنماؤں ، شروع شاہد خاقان عباسی ، سعد رفیق، خواجہ آصف سمیت سب کے ساتھ جو کیا وہ بھولنے والا نہیں ہے، میں معذرت کے ساتھ یہ لفظ استعمال کررہا ہوں، میں ہمت اور صبر کے ساتھ کام لینے والا بندہ ہوں لیکن مجھے یہ کہنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ مجھے مقبول لیڈر قرار دیا جارہا ہے اسی لیے ساری کاروائی میرے خلاف ہورہی ہے، یہ اللہ کا شکراور اللہ کا کرم ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کس چیز پر یوٹرن نہیں لیا، ویڈیو پر ویڈیو آرہی ہے، وہ ہرمحاذ پر فیل ہوگئے ہیں ملک کے اندر کمر توڑ مہنگائی ہے، معاشی حالات بحران کا شکار ہیں۔لوگ غربت میں پس گئے ہیں، پاکستان کی معیشت تباہ وبرباد ہوچکی ہے، اس پر کوئی قابو نہیں پایا گیا، پاکستان کی بیرونی ممالک سے تعلقات دیکھ لیں، پاکستان کے پاسپورٹ کا کیا حال ہے؟ پست ترین پاسپورٹ پاکستان کاشمار ہورہا ہے۔برطانیہ نے بھی پاکستان کو ہائی رسک ممالک کی لسٹ میں ڈال دیا ہے۔برطانیہ میں پاکستانی آتے ہیں تو وہ مجھے بتاتے ہیں کہ ہم جب یہاں آتے ہیں تو پاکستانی پاسپورٹ کو دیکھ کر وہ کہتے آپ سائیڈ پر ہوجائیں ، کیا عزت رہ گئی ہے؟ ہمارے خطے میں سارے ممالک کوئی 12فیصد، کوئی 13فیصد اور کوئی 18فیصدترقی کررہا ہے، ہم صفر سے بھی نیچے ہیں۔ہمیں ہر ملک شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے یہ تبدیلی تھی جس کا عمران خان پرچار کرتا تھا۔

Readers Comments (0)




Premium WordPress Themes

WordPress主题